حیدرآباد میں چہارشنبہ کی رات موسلاد ھار بارش، مشیرآبادکا ایک مسلم نوجوان جاں بحق
ادھر، حیدرآباد کے شمال مغربی حصوں میں بھی بارش کا زور رہا، جہاں یونیورسٹی آف حیدرآباد (144 ملی میٹر)، میا پور کے جے پی این نگر کمیونٹی ہال (130 ملی میٹر)، گچی باؤلی (123 ملی میٹر) اور جوبلی ہلز (108 ملی میٹر) میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
حیدرآباد: شہر میں گزشتہ شب سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں سکندرآباد اور اطراف کے کئی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کئی مقامات پر "انتہائی شدید بارش” ریکارڈ کی گئی ہے۔ تلنگانہ ڈویلپمنٹ پلاننگ سوسائٹی (TSDPS) کے اعداد و شمار کے مطابق، چہارشنبہ کی رات سے جمعرات کی صبح تک صرف مشیرباد کے مختلف علاقوں میں 184.5 ملی میٹر سے لے کر 147.5 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
مشیرباد کے متاثرہ مقامات میں طلابستی کمیونٹی ہال (184.5 ملی میٹر)، ایم سی ایچ کالونی لائبریری (174.8 ملی میٹر)، بھولاپور کمیونٹی ہال (155.5 ملی میٹر) اور چلکلگوڑہ (147.5 ملی میٹر) شامل ہیں۔ اسی طرح منڈا مارکیٹ (146 ملی میٹر)، نیو میٹوگوڑہ پرائمری اسکول (140 ملی میٹر) اور جواہر نگر کمیونٹی ہال (136 ملی میٹر) میں بھی شدید بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ بانسی لال پیٹ (135 ملی میٹر)، سیتافل منڈی بستی (134 ملی میٹر) اور پٹّی گڈہ (128 ملی میٹر) میں بھی پانی جمع ہوگیا۔
ادھر، حیدرآباد کے شمال مغربی حصوں میں بھی بارش کا زور رہا، جہاں یونیورسٹی آف حیدرآباد (144 ملی میٹر)، میا پور کے جے پی این نگر کمیونٹی ہال (130 ملی میٹر)، گچی باؤلی (123 ملی میٹر) اور جوبلی ہلز (108 ملی میٹر) میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس دوران ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا، جب چہارشنبہ کی رات 27 سالہ محمد شریف، جو اپنی اسکوٹر پر بالان کمپٹ ریلوے انڈر برج سے گزر رہے تھے، پانی کے تیز ریلے میں بہہ گئے۔ کچھ دیر بعد مقامی افراد نے ان کی نعش برآمد کی۔ محمد شریف، مشیرباد کے رہنے والے تھے۔ پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گاندھی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔