تلنگانہ میں موسلادھار بارش کی وارننگ
محکمہ موسمیات نے عادل آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ، میدک اور کاماریڈی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے اور کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں آئندہ چار دنوں تک موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ حیدرآباد میٹرولوجیکل سنٹر کے مطابق شمالی آندھرا اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحلوں کے قریب خلیج بنگال کے شمال مغربی حصے میں کم دباؤ بننے کے باعث ریاست میں شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی، سطحی گردش سمندر کی سطح سے تقریباً 7.6 کلومیٹر تک بڑھ گئی ہے اور جنوب مغرب کی طرف جھک رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خاص طور پر تلنگانہ کے متعدد اضلاع کو شدید بارش کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ منگل کے دن موسلادھار بارش سے متاثر ہونے والے اضلاع میں کمرم بھیم آصف آباد، منچریالہ، نرمل، نظام آباد، نلگنڈہ، رنگا ریڈی، وقارآباد، سنگا ریڈی، میدک، کاماریڈی، محبوب نگر، ناگر کرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور جوگو لامبا گدوال شامل ہیں۔
عادل آباد، کریم نگر، پداپلی، بھوپال پلی، سدی پیٹ، حیدرآباد اور میڑچل ملکاجگیری اضلاع میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بجلی گرنے کا امکان ہے۔
دیگر اضلاع جیسے جگتیال، راجنا سرسلہ، ملگ، کتہ گوڑم، کھمم، سوریا پیٹ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، جناگم اور بھونگیر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
چہارشنبہ کے روز محکمہ موسمیات نے عادل آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ، میدک اور کاماریڈی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے اور کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ ان تمام اضلاع کے لیے یلو وارننگ جاری کی گئی ہے، جس میں مقامی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔