حیدرآباد
ٹرینڈنگ

حیدرآباد میں موسلاد ھاربارش، عام زندگی متاثر، سڑکیں زیر آب (ویڈیوز)

شدید بارش سے شام کے وقت دفاتر سے گھر واپس ہونے والے سرکاری وخانگی ملازمین کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ مختلف مقامات پر کئی افراد کو بارش سے بچنے، میٹروریل لائنوں کے نیچے پناہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں اتوار کی شام موسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں عام زندگی درہم برہم ہوگئی۔

شہر کے کئی علاقوں میں تیز ہواء،گرج وچمک کے ساتھ شدید بارش ہوئی کئی مقامات پر جی ایچ ایم سی اور پولیس عہدیداروں کو پانی کی نکاسی کرتے اور ٹرافک بحال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

شدید بارش سے شام کے وقت دفاتر سے گھر واپس ہونے والے سرکاری وخانگی ملازمین کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ مختلف مقامات پر کئی افراد کو بارش سے بچنے، میٹروریل لائنوں کے نیچے پناہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔

الوال، تارناکہ، بلارم، ملکاجگیری، کاپرا، بالا نگر، اپل، تیلا پور، ماریڈ پلی، سکندرآباد، کوکٹ پلی، پٹن چیرو میں شدید بار ش ہوئی۔

شہر کے بیشتر مقامات پر اوسط بارش ریکارڈ کی گئی۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق شیر لنگم پلی میں سب سے زیادہ 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شیخ پیٹ میں 54 ملی میٹر، مادھاپور میں 53 ملی میٹر اور بورا بنڈہ میں 51.5 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔

شہر کے کئی مقامات پر صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے بوندا باندی ہوتی رہی آخر کار7بجے شام سے یہ بوندا باندی، شدید بارش میں تبدیل ہوگئی۔ اس تیز بارش کا سلسلہ تقریباً نصف گھنٹہ تک جاری رہا۔ اس کے بعد رات بھر دھیمی رفتار سے بارش ہوتی رہی۔ شہر میں پیر کے روز ا یلو الرٹ جاری کردیا گیا کیونکہ کل بھی موسم آج کی طرح برقراررہے گا۔

محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے عوام پر زوردیا کہ وہ گھرو سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں، دوردراز مقامات تک سفر نہ کریں۔ شہر حیدرآباد کے ساتھ ریاست کے اضلاع میں بھی آج شدید بارش ہوئی۔ سنگاریڈی، وقارآباد، ونپرتی، گدوال، ناگرکرنول اور محبوب نگر میں شدید بارش کی اطلاعات ہیں، آتماکور اور کتہ کوٹہ میں بالترتیب 55 اور 54.3 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں آرینج الرٹ جاری کردیا ہے جہاں شدید سے شدید بارش کا امکان ہے اضلاع جنگاؤں، سدی پیٹ، میدک اور کاماریڈی میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

اضلاع عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ، کریم نگر، پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی،ملگ بھدرادری کتہ گوڑم، ورنگل اور ہنمکنڈہ میں ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

a3w
a3w