یوٹاہ میں جنگلات کی آگ بجھانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ سمیت دو ہلاک
سیکورسکی ایس-64 ’اسکائی کرین‘ ہیلی کاپٹر، جسے ہیلی کاپٹر ٹرانسپورٹ سروسز نے امریکی فاریسٹ سروس کے معاہدے کے تحت آپریٹ کیا، جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے رچ فیلڈ کے قریب تھری کریکس ریزروائر کے علاقے میں گر گیا۔ یہ علاقہ وائیڈ ماؤتھ 2 فائر کے جنوب مشرقی کنارے کے قریب واقع ہے۔
واشنگٹن: امریکہ کی ریاست یوٹاہ میں شدید جنگلات کی آگ پر قابو پانے کی کارروائی کے دوران آگ بجھانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور عملے کے ایک دیگر رکن کی موت ہوگئی۔
سیکورسکی ایس-64 ’اسکائی کرین‘ ہیلی کاپٹر، جسے ہیلی کاپٹر ٹرانسپورٹ سروسز نے امریکی فاریسٹ سروس کے معاہدے کے تحت آپریٹ کیا، جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے رچ فیلڈ کے قریب تھری کریکس ریزروائر کے علاقے میں گر گیا۔ یہ علاقہ وائیڈ ماؤتھ 2 فائر کے جنوب مشرقی کنارے کے قریب واقع ہے۔
نیشنل انٹرایجنسی فائر سینٹر (این آئی ایف سی) نے ہفتہ کو حادثے میں دونوں افراد کی موت کی تصدیق کی۔ مرکز نے کہا کہ عملے کے دونوں ارکان کو ’’جان لیوا چوٹیں‘‘ آئی تھیں اور اس نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
این آئی ایف سی کے مطابق آگ کی انتہائی خطرناک صورتحال اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باعث امدادی ٹیموں کو حادثے کی جگہ تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں لاشیں ہفتہ کو نکال لی گئیں، تاہم جاں بحق افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
این آئی ایف سی نے علاقے کے رہائشیوں کے لیے انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں اور متعدد سڑکیں بھی بند کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی انسیڈنٹ کمانڈر ٹائلر ہیخت نے جمعہ کو بتایا کہ حادثے کے بعد فائر فائٹنگ ٹیموں نے صورتحال کا جائزہ لینے اور دوبارہ منظم ہونے کے لیے عارضی طور پر کارروائی روک دی تھی، جس کے بعد آگ بجھانے کا کام دوبارہ شروع کردیا گیا۔
یوٹاہ کے گورنر اسپینسر کاکس نے جنگلات کی آگ بجھانے کے کام کو ’’دنیا کے خطرناک ترین کاموں میں سے ایک‘‘ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جاں بحق عملے کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔