مشرق وسطیٰ

دشمن اسرائیل کے خلاف جہاد جاری رکھنے حزب اللہ کا عہد

لبنان کے حزب اللہ گروپ نے ہفتہ کے دن توثیق کردی کہ اس کے قائد اور اس کے بانیوں میں ایک حسن نصراللہ جمعہ کے دن بیروت پر اسرائیل کے فضائی حملہ میں جاں بحق ہوئے۔

بیروت/ تل ابیب: لبنان کے حزب اللہ گروپ نے ہفتہ کے دن توثیق کردی کہ اس کے قائد اور اس کے بانیوں میں ایک حسن نصراللہ جمعہ کے دن بیروت پر اسرائیل کے فضائی حملہ میں جاں بحق ہوئے۔

متعلقہ خبریں
غزہ پر اسرائیلی بربریت میں اقوام متحدہ کے 9 ملازمین ہلاک
اسرائیلی وزیر دفاع کا لبنان میں بھی محاذ جنگ کھولنے کا اشارہ
کویتی پارلیمنٹ تحلیل
امریکہ نے تمام جہازوں کی آمدورفت خطرہ میں ڈال دی:نصراللہ
کینیڈا میں ایک ہفتہ کے دوران یہودیوں کے اسکول پر فائرنگ کا تیسرا واقعہ

حزب اللہ نے آج ایک بیان میں کہا کہ حسن نصراللہ اپنے ساتھی شہداء سے جاملے۔ حزب اللہ نے دشمن کے خلاف جہاد جاری رکھنے اور فلسطین کی تائید کرنے کا عہد کیا۔ اسی دوران اسرائیلی فوج نے ہفتہ کے دن کہا کہ اس نے حزب اللہ قائد حسن نصراللہ کو جمعہ کے دن بیروت پر حملہ میں ہلاک کردیا۔

اس نے کہا کہ بیروت کے جنوب میں حزب اللہ ہیڈکوارٹرس پر اس وقت اچوک حملہ کیا گیا جب وہاں حزب اللہ قیادت جمع تھی۔ حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے کمانڈر علی کرکی اور دیگر کمانڈرس بھی مارے گئے۔ لبنان کی وزارت ِ صحت نے کہا کہ جمعہ کے حملہ میں 6 افراد جاں بحق اور 91 زخمی ہوئے۔ 6 اپارٹمنٹ بلڈنگس ڈھیر ہوگئیں۔ حسن نصراللہ نے زائداز 30 برس حزب اللہ کی قیادت کی تھی۔

اسرائیل نے ہفتہ کے دن حزب اللہ کے خلاف زبردست فضائی حملے جاری رکھے۔ حزب اللہ نے اسرائیل کی طرف کئی راکٹ داغے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مزید کمک بھیج رہی ہے کیونکہ لبنان کے ساتھ کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ریزرو فوجیوں کی 3 بٹالینس کو حرکت میں لایا جارہا ہے۔ ہفتہ کی صبح اسرائیلی فوج نے جنوبی بیروت اور مشرقی لبنان کی وادی ئ بیکا پر کئی حملے کئے جبکہ حزب اللہ نے شمالی اور وسطی اسرائیل اور اسرائیلی مقبوضہ مغربی کنارہ میں کئی راکٹ داغے۔

بیروت کے جنوبی مضافات میں دھواں نکل رہا تھا اور سڑکیں سنسان تھیں جہاں کل رات اسرائیل کے زبردست فضائی حملے ہوئے۔ بے گھر لوگوں کے لئے قائم کئے گئے شیلٹرس میں کوئی جگہ باقی نہ رہی۔ کئی خاندانوں نے چوراہوں پر رات بسر کی۔ کئی نے ساحل ِ سمندر پر اور کئی نے کاروں میں رات گزاری۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حسن نصراللہ کو نشانہ بنانے جمعہ کے دن بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹرس پر سلسلہ وار دھماکے کئے۔ اسرائیلی حملوں کے بعد وزیراعظم نتن یاہو اقوام متحدہ کا دورہ اچانک سمیٹ کر اپنے ملک واپس چلے آئے۔ اس سے چند گھنٹے قبل انہوں نے اقوام متحدہ سے خطاب کیا تھا۔ نتن یاہو اقوام متحدہ سے خطاب کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے کہ دھماکوں کی خبر آگئی۔

ایک فوجی عہدیدار نے ان کے کان میں کچھ کہاجس کے بعد نتن یاہو نے فوری پریس بریفنگ ختم کردی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ حزب اللہ کے مین ہیڈکوارٹرس کو نشانہ بنایا گیا جو رہائشی عمارتوں کے نیچے (زیرزمین) واقع تھا۔ کل نصف شب کے آس پاس سلسلہ وار دھماکوں میں 6 اپارٹمنٹ ٹاورس ملبہ میں تبدیل ہوگئے۔ حزب اللہ کا ہیڈکوارٹرس جس علاقہ میں واقع تھا وہ بیروت کا شیعہ اکثریتی گنجان آباد علاقہ ہے۔

اسرائیل نے یہ نہیں بتایا کہ کس قسم کا بم استعمال کیا گیا یا کتنے بم استعمال کئے گئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس کے پاس 2 ہزار پاؤنڈ کے امریکی ساختہ بنکر بسٹر گائیڈیڈ بم موجود ہیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب اسرائیل ڈیفنس فورسس(آئی ڈی ایف) نے ہفتہ کے دن اعلان کیا کہ حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کا صفایا کردیا گیا۔ اسرائیلی چیف آف اسٹاف نے ہفتہ کی دوپہر میڈیا سے کہا کہ پیام سادہ ہے۔

اسرائیل کے شہریوں کو دھمکانے والے کسی بھی شخص سے کیسے نمٹنا ہے یہ ہم جانتے ہیں۔ اب حسن نصراللہ دنیا کو دہشت زدہ نہیں کرپائے گا۔

a3w
a3w