مدینہ میں خوفناک سڑک حادثہ،حیدرآباد کے کم از کم 42 عمرہ زائرین جاں بحق
حادثے کی اطلاع ملتے ہی تلنگانہ کے چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ فوری طور پر مکمل تفصیلات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مرکزی وزارتِ خارجہ اور سعودی حکام سے رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
مدینہ منورہ: سعودی عرب میں پیر کی صبح پیش آنے والے ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کم از کم 42 عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، عمرہ زائرین کی بس مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے راستے میں ایک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بس میں موجود تمام مسافر — جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے — کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔ یہ تمام زائرین مکہ میں اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے کے بعد مدینہ کی زیارت کے لیے روانہ ہوئے تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی تلنگانہ کے چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ فوری طور پر مکمل تفصیلات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مرکزی وزارتِ خارجہ اور سعودی حکام سے رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
چیف سکریٹری نے دہلی میں تلنگانہ کے ریزیڈنٹ کمشنر گورو اپّل کو زائرین کی فہرست جمع کرنے اور متاثرہ افراد کی شناخت کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔
کنٹرول روم قائم، ہیلپ لائن نمبرز جاری
متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد اور معلومات کی فراہمی کے لیے تلنگانہ سکریٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ لواحقین نیچے دیے گئے ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں:
- 7997959754
- 9912919545
حادثے کے بعد علاقے میں غم اور سوگ کی فضا ہے جبکہ حکام سعودی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تفصیلات اور متاثرین کے بارے میں مصدقہ معلومات حاصل کی جا سکیں۔
بتایاجاتا ہے کہ مہلوکین حیدرآباد کے ملے پلی علاقہ کے ایک عمرہ ٹراویلس سے عمرہ کیلئے گئے تھے۔