بھارت

خالصتان نوازوں نے سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانہ کو آگ لگادی

خالصتان نوازوں نے ٹویٹر پر 2جولائی کا جو ویڈیو پوسٹ کیا اس میں سانفرانسسکو کے ہندوستانی قونصل خانہ میں آگ دیکھی جاسکتی ہے۔

نیویارک: سانفرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانہ‘ خالصتان نوازوں کے حملہ کی زد میں آیا جنہوں نے اسے آگ لگانے کی کوشش کی۔ خالصتانیوں نے گزشتہ چند ماہ میں دوسری مرتبہ تشدد برپا کیا۔

متعلقہ خبریں
لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا موضوع ہندوستان خالصتان ہوگا: سنجے راؤت
خالصتان کی تائید دہلی میں دو مشتبہ افراد تحویل میں

حکومت ِ امریکہ نے اس کی سخت مذمت کی اور اسے مجرمانہ حرکت قراردیا۔ خالصتان نوازوں نے ٹویٹر پر 2جولائی کا جو ویڈیو پوسٹ کیا اس میں سانفرانسسکو کے ہندوستانی قونصل خانہ میں آگ دیکھی جاسکتی ہے۔

امریکی وزارت ِ خارجہ کے ترجمان میتھو ملر نے پیر کے دن ٹویٹ کیا کہ امریکہ ہفتہ کے دن سانفرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانہ میں توڑپھوڑ اور اسے آگ لگانے کی کوشش کی سخت مذمت کرتا ہے۔

امریکہ میں جنوبی ایشیائی براڈ کاسٹ ٹی وی نیٹ ورک دیا ٹی وی نے ٹویٹ کیا کہ جمعہ کی رات 1:30 اور 2:30 بجے کے درمیان سانفرانسسکو کے ہندوستانی سفارت خانہ میں آگ لگائی گئی جسے فوری بجھادیا گیا۔

نقصان محدود رہا اور کوئی بھی ملازم زخمی نہیں ہوا۔ سرکاری محکموں کو خبر کردی گئی۔ دیا ٹی وی نے حملہ کا ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا۔ سوشل میڈیا میں شیئر ایک پوسٹر میں کہا گیا ہے کہ 8 جولائی کو خالصتان فریڈم ریالی برکلے کیلیفورنیا سے نکالی جائے گی جو سانفرانسسکو میں ہندوستانی سفارت خانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔ 19 مارچ کو خالصتان نوازوں نے سانفرانسسکو کے ہندوستانی قونصل خانہ کو نقصان پہنچایا تھا۔