حیدرآباد:پولیس کی محاصرہ کرکے تلاشی مہم،فنکشن ہال میں ہوٹل کے نام سے ڈائننگ ہال کا انکشاف
پولیس نے پرانا شہرحیدرآباد کے چندرائن گٹہ، بنڈلہ گوڑہ اور کنچن باغ پولیس اسٹیشن کے حدود میں مختلف مقامات پر کل شب محاصرہ کرکے تلاشی مہم چلائی۔
حیدرآباد: پولیس نے پرانا شہرحیدرآباد کے چندرائن گٹہ، بنڈلہ گوڑہ اور کنچن باغ پولیس اسٹیشن کے حدود میں مختلف مقامات پر کل شب محاصرہ کرکے تلاشی مہم چلائی۔
پولیس نے اس مہم کے دوران بارکس کے علاقہ میں فنکشن ہال میں چلائی جانے والی ہوٹل کے مالک کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے کہا کہ فنکشن ہال کے نام سے ہوٹل کو رات دیر گئے چلا یاجارہا تھا۔ پولیس کو پتہ چلا کہ نوجوان بریانی کھانے کے لیے مختلف مقامات سے یہاں پر آرہے ہیں۔
پولیس نے ہوٹل پر چھاپہ مارا اور نوجوانوں کو کونسلنگ کے بعد چھوڑدیا۔ پولیس نے کہاکہ ہوٹل منیجر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے کہاکہ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند اور ڈی سی پی ساوتھ ایسٹ زون کی ہدایت پر چندرائن گٹہ،بنڈلہ گوڑہ اور کنچن باغ پولیس نے یہ مہم چلائی۔
بنڈلہ گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں پٹیل نگر،محمد نگر، غوث نگر،ممتازباغ،پیلی درگاہ، چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں بارکس، صلالہ،کنچن باغ پولیس اسٹیشن حدود میں مختلف مقامات پر یہ مہم چلائی گئی۔
اس مہم کا مقصد رات کے اوقات میں نوجوان لڑکوں کو بلاوجہ گھومنے سے روکنا اور اوقات ضائع کرنے سے بچانا ہے۔پولیس نے انتباہ دیا کہ اگرنوجوان راتوں کو غیر ضروری طورپر گھومیں گے تو ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔
ایک سے زائد مرتبہ مقدمات درج کئے جانے پر ان کے خلاف روڈی شیٹ بھی کھولے جانے کا امکان ہوگا۔مقدمات درج ہونے سے ان کے کیرئیر پر بھی اثر پڑسکتا ہے کیونکہ پرائیویٹ ملازمت فراہم کرنے والی کمپنیاں بھی پولیس کی جانچ کا سرٹیفکیٹ مانگ رہی ہیں۔
ایسے میں نوجوانوں کا جرائم کاریکارڈ ہوگا تو ان کے کیرئیر پر اس کا اثر پڑے گا۔پولیس نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ رات میں بلاوجہ نہ گھومیں۔