مشہور دون اسکول کے اندر مزار کو ڈھادیا گیا
دہرہ دون میں یہ انگریزوں کے دور کا مشہور خانگی بوائز بورڈنگ اسکول ہے۔4 تا 5 افراد کی طرف سے مزار ڈھانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ واقعہ 2 دن قبل کا ہے۔ دہرہ دون کے ضلع مجسٹریٹ(کلکٹر) سوین بنسل نے یہ بات بتائی۔
دہرہ دون: دایاں بازو ہندو تنظیموں کے احتجاج پر یہاں کے ایک مشہور ریسیڈنشیل اسکول کی چاردیواری کے اندر موجود ایک مزار کو ڈھادیا گیا۔ دون اسکول وہ مشہور اسکول ہے جہاں سے کئی ممتاز شخصیتوں اور سیاسی قائدین بشمول سابق وزیراعظم راجیو گاندھی‘ ان کا لڑکا راہول گاندھی‘ مرکزی وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا‘ کرن سنگھ اور نوین پٹنائک‘ امیتاؤ گھوش اور وکرم سیٹھ جیسے مشہور مصنفین نے تعلیم حاصل کی تھی۔
دہرہ دون میں یہ انگریزوں کے دور کا مشہور خانگی بوائز بورڈنگ اسکول ہے۔4 تا 5 افراد کی طرف سے مزار ڈھانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ واقعہ 2 دن قبل کا ہے۔ دہرہ دون کے ضلع مجسٹریٹ(کلکٹر) سوین بنسل نے یہ بات بتائی۔
انہوں نے جمعہ کے دن پی ٹی آئی سے کہا کہ ہم نے مزار کے انہدام کا کوئی حکم جاری نہیں کیا تھا تاہم ہم نے ایس ڈی ایم کی قیاد ت میں ایک ٹیم حقائق کی جانچ اور نظم وضبط کی برقراری کے لئے بھیجی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی ٹیم سے واقعہ کی رپورٹ مانگی ہے۔
ہندو تنظیم کے قائد سوامی درشن بھارتی نے کہا کہ انہوں نے حال میں دہرہ دون میں چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی اور حکام سے ملاقات کی تھی اور اسکول کی باؤنڈری کے اندر موجود مزار کو ڈھادینے کی گزارش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی اسے ڈھایا ہے میں انہدامی کارروائی کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے پوچھا کہ اسکول کے اندر مزار کیوں ہو؟ وہ بھی دی دون اسکول جیسے باوقار اسکول کی چاردیواری کے اندر۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں کس حد تک لینڈ جہاد ہورہا ہے۔ سوامی درشن بھارتی‘ اتراکھنڈ رکھشا ابھیان کے بانی ہیں۔ ذرائع کے بموجب کافی پرانی مزار کی تزئین نو حال میں اسکول حکام نے کی تھی۔