مسلمان قابلِ احترام ہے: حج ہاؤس کے امام و خطیب مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی کے خطیب و امام مسجد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اسلام نے مسلمان کی عزتِ نفس کو ہر حال میں قابلِ احترام قرار دیا ہے

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی کے خطیب و امام مسجد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اسلام نے مسلمان کی عزتِ نفس کو ہر حال میں قابلِ احترام قرار دیا ہے، چاہے وہ شخص گناہگار ہی کیوں نہ ہو۔ اگر کوئی سزا یافتہ بھی ہو تو اسے گالی دینا یا برا بھلا کہنا اسلام کی تعلیمات کے منافی ہے۔
Table of Contents
عزتِ نفس مجروح کرنے سے توبہ کی راہ رک سکتی ہے
مولانا نے فرمایا کہ کسی کو برا کہنے سے ہو سکتا ہے وہ شخص اپنی اصلاح کے بجائے برائی پر جم جائے اور توبہ و استغفار کی طرف آنے سے رک جائے۔ مسلمان وہی ہے جو انسانی عزت و وقار کا لحاظ رکھے، کیونکہ ہر مسلمان انسان ہے اور انسان قابلِ تکریم ہے۔
قرآن و سنت کی روشنی میں مسلمان کی پہچان
مولانا صابر پاشاہ نے فرمایا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے مسلمان کی پہچان اس طرح کرائی ہے کہ:
"جس نے اپنا چہرہ اللہ کے لیے جھکا دیا اور نیک عمل کیا، اس کے لیے اس کا اجر رب کے پاس ہے۔” (البقرہ: 112)
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام صرف نام کا نہیں، عمل کا دین ہے۔ مسلمان وہی ہے جو اپنی زندگی کے ہر شعبے میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت اختیار کرے۔
سچا مسلمان: قول و عمل میں بہترین
سورۃ حم السجدہ کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا:
"اور اس سے بہتر کس کی بات ہو سکتی ہے جو اللہ کی طرف بلائے اور نیک عمل کرے اور کہے کہ میں مسلمان ہوں۔” (حم السجدہ: 33)
یعنی قول احسن اور عمل احسن ہی کردارِ مسلم کی اصل علامتیں ہیں۔ جو شخص اپنی زبان سے بہترین کلام کرے اور اپنے عمل سے نیکی پھیلائے، وہی حقیقی مسلمان ہے۔
مسلمان کی زبان: محبت یا نفرت کا ذریعہ
مولانا نے بخاری شریف کی حدیث کے حوالے سے کہا کہ:
"مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔”
انہوں نے کہا کہ زبان کا صحیح استعمال معاشرتی ہم آہنگی کا سبب ہے، جبکہ اس کا غلط استعمال نااتفاقی، نفرت اور فساد کا ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبان کے زخم کبھی مندمل نہیں ہوتے، اس لیے ہر مسلمان کو اپنی زبان پر قابو رکھنا ضروری ہے۔
اسلام اطاعت اور انسان دوستی کا دین ہے
مولانا نے آخر میں کہا کہ اسلام ہمیں محبت، احترام، اور عدل کا سبق دیتا ہے۔ ایک سچا مسلمان وہی ہے جو نہ صرف دوسرے مسلمانوں بلکہ ہر انسان کے لیے باعثِ امن و سلامتی ہو۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآنی اور نبوی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔