رام نومی جلوس میں بندوق لہرانے والا نوجوان گرفتار، ویڈیو وائرل
بنرجی کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے بی جے پی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ویڈیو رام نومی ریالی کا نہیں ہے۔ بی جے پی کی بنگال یونٹ نے اپنے آفیشل ہیڈل سے ٹویٹ کیا کہ ٹی ایم سی ایم پی ابھیشک بنرجی نے جو ویڈیو پوسٹ کیا ہے وہ ان کے دورہ کا نہیں ہے۔

پٹنہ: مغربی بنگال پولیس نے رام نومی جلوس کے دوران تشدد کے سلسلہ میں ایک 19 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ایک ویڈیو میں بندوق کے ساتھ نظر آنے والے سُمیت شا کو آج بہار کے مونگیر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سمیت نے رام نومی جلوس کے دوران ہتھیار لے جانے کا اعتراف کیا ہے۔
ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشک بنرجی نے ایک مذہبی جلوس کا ویڈیو جاری کیا جس میں بی جے پی پر ہاوڑہ میں فرقہ وارانہ تشدد کی سازش کا الزام لگایا۔ جس میں سُمیت شا کو بندوق اُٹھائے دیکھا گیا تھا۔
بنرجی کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے بی جے پی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ویڈیو رام نومی ریالی کا نہیں ہے۔ بی جے پی کی بنگال یونٹ نے اپنے آفیشل ہیڈل سے ٹویٹ کیا کہ ٹی ایم سی ایم پی ابھیشک بنرجی نے جو ویڈیو پوسٹ کیا ہے وہ ان کے دورہ کا نہیں ہے۔ وہ ہندوؤں کو بدنام کررہے ہیں اور لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی تحقیقات ہونی چاہئے ، یہ ایک مجرمانہ عمل ہے۔
واضح رہے کہ رام نومی ریالیوں کے دوران ہوگلی اور ہاوڑہ میں فرقہ وارانہ جھڑپیں ہوئیں۔ تشدد کے دوران کئی دکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ جبکہ پولیس کی کچھ گاڑیوں سمیت کئی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔
صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس کو آنسو گیس شل برسانے پڑے۔ یہاں تک کہ بنگال حکومت کو متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات معطل کرنا پڑا اور تشدد سے متاثرہ اضلاع میں امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے۔