حیدرآباد میں گھر سے اغوا ہونے والی ڈھائی سالہ بچی 12 گھنٹوں میں بازیاب
حیدرآباد کے قریب امین پور میں گھر سے ڈھائی سالہ بچی کے اغوا کا معاملہ، پولیس نے میدک سے 44 سالہ خاتون کو گرفتار کرکے بچی کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
حیدرآباد۔ امین پور میں گھر سے ڈھائی سالہ بچی کے اغوا کے معاملہ کو پولیس نے محض 12 گھنٹوں کے اندر حل کرتے ہوئے 44 سالہ خاتون کو گرفتار کرلیا اور بچی کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 18 نومبر کو دوپہر تقریباً 12:30 بجے پیش آیا۔ بچی کی والدہ ای سریتا (25) قریبی ٹفن سنٹر میں کام کے لیے گئی ہوئی تھیں۔ اسی دوران بچی گھر سے لاپتہ ہوگئی۔ والدہ نے دوپہر 1:30 بجے امین پور پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔
شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرتے ہوئے بچی کی تلاش کے لیے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ ان ٹیموں میں امین پور، چندا نگر اور پٹن چیرو پولیس اسٹیشنوں کے علاوہ اسپیشل آپریشنز ٹیم کے 25 اہلکار شامل تھے۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے مختلف شواہد کی بنیاد پر ایک مشتبہ خاتون کی شناخت کی، جس کا تعلق ضلع میدک سے بتایا گیا۔ میدک ٹاؤن پولیس کی مدد سے امین پور پولیس نے نرسا کھیڑ گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے گنگامنی (44) نامی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ وہ گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی۔
پولیس نے بچی کو خاتون کی تحویل سے بحفاظت بازیاب کرالیا اور اسے امین پور پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق اغوا کے 12 گھنٹوں کے اندر بچی کو بازیاب کرانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔