بارکس میں طالب علم لاپتہ، اکبر الدین اویسی نے پولیس عہدیداروں سے کی ملاقات، خصوصی ٹیم تشکیل
بارکس سے تعلق رکھنے والا شیخ محمد بہادرپورہ کے اقلیتی اقامتی اسکول میں زیرِ تعلیم ہے۔ گمشدگی کے بعد پولیس نے تلاش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔
حیدرآباد کے علاقہ بارکس سے تعلق رکھنے والا چھٹی جماعت کا طالب علم شیخ محمد لاپتہ ہوگیا۔ 6 ویں جماعت میں زیرِ تعلیم شیخ محمد بہادرپورہ بوائز ون تلنگانہ مائناریٹی ریزیڈنشیل اسکول میں تعلیم حاصل کررہا ہے، جو غازی ملت کالونی میں واقع ہے۔
طالب علم کے لاپتہ ہونے پر افرادِ خاندان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جس کے بعد انہوں نے مجلس کے فلور لیڈر جناب اکبر الدین اویسی سے رجوع ہوکر مدد کی اپیل کی۔
اطلاع ملنے پر اکبر الدین اویسی نے پولیس عہدیداروں اور لاپتہ طالب علم کے افرادِ خاندان سے ملاقات کی اور اس کی تلاش کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔
پولیس کی جانب سے اسکول اور اطراف کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا مشاہدہ کیا جارہا ہے، جبکہ طالب علم کی تلاش کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔
خاندان کی جانب سے طالب علم کی بحفاظت واپسی کی امید ظاہر کی جارہی ہے، جبکہ پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔