حیدرآباد

حیدرآباد کنزیومر کمیشن کا انڈیگو ایئرلائن کو بڑا جھٹکا، مسافر کو 55 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم

شکایت کے مطابق، سفر سے پہلے انہوں نے ایئرلائن کے عملے کو واضح طور پر بتایا تھا کہ ان کے چیک اِن بیگ میں تقریباً 35 ہزار روپے مالیت کی ایک قیمتی "وائٹ اینڈ بلیو" شراب کی بوتل موجود ہے، جو نہایت نازک ہے، اس لیے سامان کو احتیاط سے سنبھالا جائے۔

حیدرآباد ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹس ریڈریسل کمیشن-III نے انڈیگو ایئرلائن کے خلاف ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے کمپنی کو ایک مسافر کو مجموعی طور پر 55 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ معاملہ یوسف گوڑہ کے رہائشی ونیتھ سے متعلق ہے، جنہوں نے 3 ستمبر 2025 کو دہلی سے چنئی کے لیے انڈیگو کی پرواز میں سفر کیا تھا۔

شکایت کے مطابق، سفر سے پہلے انہوں نے ایئرلائن کے عملے کو واضح طور پر بتایا تھا کہ ان کے چیک اِن بیگ میں تقریباً 35 ہزار روپے مالیت کی ایک قیمتی "وائٹ اینڈ بلیو” شراب کی بوتل موجود ہے، جو نہایت نازک ہے، اس لیے سامان کو احتیاط سے سنبھالا جائے۔

لیکن جب وہ چنئی پہنچ کر اپنا سامان لینے گئے تو دیکھا کہ بیگ کے اندر بوتل ٹوٹ چکی تھی۔ بوتل میں موجود شراب پورے سوٹ کیس میں پھیل گئی، جس سے ان کا دوسرا سامان بھی خراب ہو گیا۔

متاثرہ مسافر نے اس واقعے پر انڈیگو سے شکایت کی، لیکن ایئرلائن نے صرف 500 روپے کا واؤچر دینے کی پیشکش کی، جسے مسافر نے مسترد کر دیا۔ بعد ازاں انہوں نے قانونی نوٹس بھیجا، مگر مناسب جواب نہ ملنے پر حیدرآباد کنزیومر کمیشن سے رجوع کیا۔

سماعت کے دوران انڈیگو ایئرلائن کا کوئی نمائندہ کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوا۔

تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کنزیومر کمیشن نے قرار دیا کہ مسافر کے سامان کو محفوظ رکھنے میں ایئرلائن نے لاپرواہی برتی، جو سروس میں واضح کوتاہی ہے۔

کمیشن نے انڈیگو ایئرلائن کو حکم دیا کہ وہ ٹوٹی ہوئی بوتل کی قیمت کے طور پر 35 ہزار روپے ادا کرے، اس کے ساتھ سالانہ 9 فیصد سود بھی دے۔ اس کے علاوہ ذہنی اذیت پر 15 ہزار روپے بطور معاوضہ اور مقدمے کے اخراجات کے لیے مزید 5 ہزار روپے ادا کیے جائیں۔

اس طرح کمیشن نے انڈیگو ایئرلائن کو مجموعی طور پر 55 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا، جبکہ 35 ہزار روپے کی رقم پر سالانہ 9 فیصد سود بھی دینے کی ہدایت کی۔