حیدرآباد میں گوشت کی دکانوں پر چھاپے، معائنے میں جو کچھ ملا وہ چونکا دینے والا!
تلنگانہ سیف فوڈ ونگ کی 11 ٹیموں نے میٹرو اسٹورز اور گوشت کی دکانوں کا معائنہ کیا، بعض مراکز کو بند کرنے اور نوٹس جاری کرنے کا امکان۔
حیدرآباد: تلنگانہ سیف فوڈ ونگ کے انفورسمنٹ عہدیداروں نے آج شہر میں میٹرو اسٹورز اور گوشت کی دکانوں کا اچانک معائنہ کیا۔ فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لیے 11 خصوصی ٹیموں نے یہ کارروائی انجام دی۔
معائنے کے دوران متعدد دکانوں میں صفائی اور حفظانِ صحت سے متعلق سنگین خامیاں سامنے آئیں۔ بعض مقامات پر گوشت پر بڑی تعداد میں مکھیاں بیٹھی ہوئی پائی گئیں، جبکہ مرغی کاٹنے کے بعد نکلنے والا فضلہ فرش پر بکھرا ہوا تھا۔ دکانوں میں کاکروچ کی موجودگی بھی پائی گئی۔
عہدیداروں نے یہ بھی پایا کہ بعض دکانوں میں صفائی کے مناسب انتظامات نہیں تھے اور مٹن کو کھلے عام لٹکایا گیا تھا۔
فوڈ سیفٹی ونگ کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوںکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بعض مراکز کو بند کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ دیگر دکانوں کو وجہ بتاؤ نوٹس اور خامیوں کو دور کرنے کے لیے امپروومنٹ نوٹس جاری کیے جائیں گے۔