قومی

گورکھپور میں بلڈوزر کی زد میں آکر 12 سالہ لڑکے کی موت

گورکھپور میں بلڈوزر کی زد میں آکر بی جے پی لیڈر کے 12 سالہ بیٹے آریہ وردھن کی موت، یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ کو قتل قرار دیا، اکھلیش یادو نے بی جے پی پر سیاست کرنے کا الزام لگایا۔

اترپردیش کے گورکھپور میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا، جہاں بلڈوزر کی زد میں آکر 12 سالہ لڑکے کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ کے بعد ریاست کی حکمراں جماعت بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کے درمیان سیاسی الزام تراشی شروع ہوگئی ہے۔

متوفی لڑکے کی شناخت آریہ وردھن کے طور پر ہوئی ہے، جو مقامی بی جے پی لیڈر اومکار سنگھ کا بیٹا تھا۔ یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا۔ الزام ہے کہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے روڈ شو کے دوران بلڈوزر کی زد میں آنے سے لڑکے کی جان چلی گئی۔

واقعہ کے بعد جمعرات کو لڑکے کے والد کی شکایت پر پولیس نے جے سی بی مشین کے ڈرائیور اور روڈ شو میں شامل بعض افراد سمیت 66 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس نے حادثے میں استعمال ہونے والی جے سی بی مشین کو بھی ضبط کرلیا ہے۔

اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور اس واقعہ کو قتل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قصورواروں کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ یوگی نے سماج وادی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے اسے غنڈہ گردی سے جوڑا اور کہا کہ سڑکوں پر بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر اس حادثے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے لوگوں کو خاندان سے ملاقات کرکے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اکھلیش یادو نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے لوگ اس افسوسناک حادثے پر دکھ کا اظہار کرنے کے بجائے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ادھر سماج وادی پارٹی نے ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے، جس کے بارے میں پارٹی کا دعویٰ ہے کہ اس میں دکھائی دیتا ہے کہ جس وقت بلڈوزر نے لڑکے کو کچلا، اس وقت وہاں کوئی روڈ شو نہیں ہورہا تھا۔

واضح رہے کہ چہارشنبہ کے روز واقعہ کے بعد لڑکے کے رشتہ داروں اور بی جے پی کارکنوں نے گورکھپور۔دیوریا شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کردی تھی۔ انہوں نے بلڈوزر ڈرائیور کے ساتھ ساتھ مشین کو روڈ شو کے لیے لانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔