جرائم و حادثات
حیدرآباد میں اپارٹمنٹ کی عمارت میں آگ، پانچویں سے 14ویں منزل تک متاثر
پپولا گوڑہ کے پیسفیکا ہل کرسٹ اپارٹمنٹ میں پانچویں سے 14ویں منزل تک آگ سے متاثر، مکینوں کا بحفاظت انخلا، کوئی جانی نقصان نہیں۔
حیدرآباد۔ شہر کے پپولا گوڑہ علاقہ میں واقع پیسفیکا ہل کرسٹ اپارٹمنٹ (Pacifica Hill Crest apartments) کی ایک عمارت میں جمعرات کی دوپہر اچانک آگ لگ گئی۔ اس واقعہ سے عمارت کی پانچویں سے 14ویں منزل تک کے حصے متاثر ہوئے۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مختلف فائر اسٹیشنوں سے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا کام شروع کردیا۔ آگ پھیلنے کے خدشہ سے اپارٹمنٹ میں رہنے والے افراد گھبرا کر عمارت سے باہر نکل آئے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار کے مطابق اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی املاک کو کوئی بڑا نقصان پہنچا ہے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
یہ اپارٹمنٹ نانک رام گوڑہ، پپولا گوڑہ کے قریب فینانشیل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے۔