حیدرآباد: اردو صحافیوں کے پسماندگان کی مالی امداد میں اضافہ، تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا اہم فیصلہ
تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے صدرنشین طاہر بن حمدان نے ریاست کے مرحوم اردو صحافیوں کے اہلِ خانہ کے لیے مالی امداد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی جانب سے مسلسل نمائندگی کے بعد کیا گیا۔
تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے صدرنشین طاہر بن حمدان نے ریاست کے مرحوم اردو صحافیوں کے اہلِ خانہ کے لیے مالی امداد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی جانب سے مسلسل نمائندگی کے بعد کیا گیا۔
اردو اکیڈیمی نے حالیہ دنوں میں دو سینئر اردو صحافیوں — شیخ نصیر (روزنامہ منصف) اور سید قادرمحی الدین وحید قادری (راشٹریہ سہارا، روبی نیوز) — کے انتقال پر تعزیتی اجلاس منعقد کیے تھے۔ ان اجلاسوں کے دوران مرحومین کے خاندانوں کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جو ابتدائی طور پر 20 ہزار روپے تھی، تاہم بعد میں اس میں اضافہ کرتے ہوئے 25 ہزار روپے کر دیا گیا۔
اردو اکیڈیمی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وی کرشنا نے اس ضمن میں یقین دہانی کروائی تھی، جسے بعد میں منظوری دی گئی۔ اس کے بعد شیخ نصیر کے فرزند شیخ امتیاز کو اردو اکیڈیمی کے دفتر واقع حج ہاؤس میں یہ امداد فراہم کی گئی، جبکہ سید قادرمحی الدین وحید قادری کے اہلِ خانہ کو یہ رقم ان کی رہائش گاہ واقع ہمایوں نگر پہنچ کر حوالے کی گئی۔
اس موقع پر فیڈریشن کے صدر ایم اے ماجد، جنرل سکریٹری سید غوث محی الدین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اردو اکیڈیمی وی کرشنا، حسن عرفان اور دیگر موجود تھے۔ مرحوم وحید قادری کے بھائی اور سینئر صحافی خالد قادری بھی موجود تھے۔
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے نہ صرف اردو اکیڈیمی بلکہ میڈیا اکیڈیمی سے بھی مرحومین کے اہلِ خانہ کو مالی امداد اور مرحومہ اہلیہ کو ماہانہ وظیفہ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
فیڈریشن کی جانب سے محبوب نگر ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے مرحوم فوٹو جرنلسٹ توحید کے پسماندگان کے لیے بھی میڈیا اکیڈیمی سے مالی امداد اور وظیفہ کے لیے درخواست داخل کی گئی ہے، جبکہ اردو اکیڈیمی سے بھی نمائندگی کی گئی۔
اس موقع پر فیڈریشن کے نائب صدر عظمت علی شاہ، محبوب نگر کے ارکان محمد جعفر، ملا شہاب الدین، محمد عبدالعلیم صدیقی اور عبد الواحد صدیقی بھی موجود تھے۔
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے مرحوم صحافیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے، ان کے اہلِ خانہ کی بھرپور مدد کا عزم ظاہر کیا۔