کھیل

پاکستان سے تعلق ہونے پر مجھے فخر ہے: معین علی

پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ ثقلین مشتاق سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ثقلین کی ہم بہت عزت کرتے ہیں جب انگلینڈ کے کوچ تھے تو ان سے بہت سیکھا۔ اسٹار آل راونڈر معین علی نے یہ بھی کہاکہ میری فیملی پاکستان سے ہے تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

کراچی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان معین علی نے کہاہے کہ میرا خاندان پاکستان سے ہے تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معین علی نے کہاکہ ہمارے کچھ بولرز ان فٹ ہیں، فٹنس پر کام ہورہا ہے۔

 انگلینڈ ٹیم کے قائم مقام کپتان نے کہاکہ جانی بیرسٹو، جوفرا آرچر، بین اسٹوک انجری کی وجہ سے سیریز کا حصہ نہیں لیکن اس سے یہ تاثر دینا غلط ہے کہ پاکستان کے دورہ پر انگلینڈ کی بی ٹیم آئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریس ٹاپلے، کرس ووکس کو انجری ہے، مستقل کپتان جوز بٹلر کی انجری میں بہتری آرہی ہے، ہم بٹلر کو ورلڈکپ کیلئے مکمل فٹ چاہتے ہیں، ممکن ہے آخری دو میاچس میں بٹلر ٹیم میں آجائیں۔

 انگلش کپتان معین علی نے کہاکہ امید ہے جوز بٹلر آخری 2 میاچس میں ایکشن میں ہوں گے، ہم اپنے فاسٹ بولرز کو احتیاط سے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب فاسٹ بولر تیار ہوں گے تب انہیں میچ کھلائیں گے۔ معین علی نے کہاکہ اب تک پچ کا معائنہ نہیں کیا لیکن کراچی کے حالات کا اندازہ ہے۔

 ٹیم میں اہم کھلاڑیوں کی عدم شمولیت سے متعلق انہوں نے کہاکہ زیادہ تر کھلاڑی انجری کے باعث سیریز کا حصہ نہیں ہیں صرف بین اسٹوکس آرام کے باعث سیریز کیلئے اسکواڈ میں شامل نہیں ہے۔ انگلش کپتان نے مزید کہاکہ نوجوان کھلاڑیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیت دنیا کو دکھائیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے نہیں لگتا یہاں اسپنرز سے اتنا فرق پڑے گا۔

پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ ثقلین مشتاق سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ثقلین کی ہم بہت عزت کرتے ہیں جب انگلینڈ کے کوچ تھے تو ان سے بہت سیکھا۔ اسٹار آل راونڈر معین علی نے یہ بھی کہاکہ میری فیملی پاکستان سے ہے تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔