’نئے جوش سے عوام کی خدمت کیلئے جیل سے باہر آؤں گا‘
آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو جو کرپشن کے ایک کیس میں گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے جیل میں ہیں، عوام کے نام کھلا مکتوب تحریر کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی خدمت کیلئے میں نئی طاقت اور نئے جوش کے ساتھ جیل سے باہر آؤں گا۔

امراوتی: آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو جو کرپشن کے ایک کیس میں گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے جیل میں ہیں، عوام کے نام کھلا مکتوب تحریر کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی خدمت کیلئے میں نئی طاقت اور نئے جوش کے ساتھ جیل سے باہر آؤں گا۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ وہ جیل میں نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں بند ہیں۔ زمین پر ایسی کوئی طاقت نہیں ہے کہ جو انہیں ایک لمحہ کیلئے عوام سے دور رکھے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ تھوڑی تاخیر سے ہی قانون کی بالا دستی قائم ہوگی۔
جیل سے باہر آنے کے بعد وہ نئے جوش وخروش کے ساتھ عوام کی خدمت اور ریاست کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ تلگودیشم پارٹی کے سربراہ نائیڈو نے مکتوب میں تحریر کیا کہ کوئی بھی میرے اقدار اور میری ساکھ کو مسخ نہیں کرسکتا جس کی وہ گزشتہ 45 برسوں سے حفاظت کرتے آرہے ہیں۔
چندرابابو نائیڈو نے عوام کے نام یہ کھلا مکتوب اتوار کے روز افراد خاندان کے حوالے کیا جو نائیڈو سے ملاقات کیلئے راجمندری کی سنٹرل جیل آئے تھے۔ عوام کو دسہرہ کی مبارکباددیتے ہوئے نائیڈو نے کہاکہ اقتدار سے محرومی کے خوف سے چند طاقتیں مجھے جیل میں بند کرچکی ہیں مگر یہ طاقتیں، مجھے عوام سے دور کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
اپنے مکتوب میں انہوں نے تحریر کیاکہ شائد اب وہ لوگوں میں نہیں ہیں مگر وہ ترقی کی ہرجگہ موجود ہیں۔ واضح انداز میں انہوں نے کہاکہ اس کرہ ارض پر ایسی کوئی طاقت نہیں کہ جو مجھے ایک لمحہ کیلئے بھی عوام سے دور کرے۔
انہوں نے کہاکہ جیل کے اندر وہ اپنی 45 سالہ سیاسی زندگی کے ایام کو یاد کررہے ہیں۔ وہ جلد ہی باہر آئیں گے اور پوری شان وشوکت کے ساتھ پارٹی کا منشور جاری کریں گے۔