یوپی میں انجکشن دینے پر 9 ماہ کی لڑکی فوت
اترپردیش کے چتراکوٹ میں پیر کے دن ضلع ہاسپٹل میں ختم شدہ میعاد کا انجکشن دینے کے بعد نمونیہ سے متاثرہ ایک 9 ماہ کی لڑکی فوت ہوگئی۔

چترا کوٹ(یوپی): اترپردیش کے چتراکوٹ میں پیر کے دن ضلع ہاسپٹل میں ختم شدہ میعاد کا انجکشن دینے کے بعد نمونیہ سے متاثرہ ایک 9 ماہ کی لڑکی فوت ہوگئی۔
سرکاری ذرائع نے یہاں یہ بات کہی۔شیوانگی نامی لڑکی کے والدین اسے ایک خصوصی ڈاکٹر کے پاس لے گئے جس نے اتوار کی رات لڑکی کو انجکشن دیا اور پیر کے دن دوبارہ انجکشن دینے کے لئے طلب کیا۔
ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے صبح میں شیوانگی کو دوسری خوراک دی جس کے بعد اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ فوت ہوگئی۔ ایک عہدیدار نے یہ بات کہی۔
لڑکی کے پریشان حال خاندان نے الزام لگایا کہ شیوانگی کو دیئے گئے انجکشن کی میعاد اپریل میں ختم ہوگئی تھی انھو ں نے ہنگامہ بھی کیا۔
ہاسپٹل کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (سی ایم ایس) مقام واقعہ پہنچے اور فارماسسٹ دھرمیش مشرا‘ اسٹاف نرس کلدیپ کمار اور وارڈ بوائے اودیش کو معطل کردیا۔ سی ایم ایس نے واقعہ کے بارے میں تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔