سوشیل میڈیاشمالی بھارت

ممتابنرجی نے دکان پر پکوڑے تلے

چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج سڑک کنارے ایک چائے کی دکان پر اپنے قافلہ کو رکوایا اور جھرگ گرام میں مقامی عوام کو پکوڑے پیش کئے۔

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج سڑک کنارے ایک چائے کی دکان پر اپنے قافلہ کو رکوایا اور جھرگ گرام میں مقامی عوام کو پکوڑے پیش کئے۔

آل انڈیا ترنمول کانگریس (اے آئی ٹی سی) نے پارٹی صدر کا ایک ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ”حقیقی معنوں میں عوامی قائد، وہ عوام کے دل جیتنا جانتی ہیں“۔ اِن ویڈیوز میں جنہیں سوشل میڈیا پر بڑے پیمانہ پر پھیلایا جارہا ہے ممتابنرجی کو پکوڑے تلتے ہوئے اور لوگوں کو پیش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

چیف منسٹر انہیں کاغذ میں لپیٹ کر اپنے اطراف کھڑے ہوئے لوگوں میں تقسیم کرتے ہوئے خوش ہورہی تھیں۔ ایک اور ویڈیو میں ممتابنرجی کو قریبی ہجوم میں کھڑے ہوئے بچوں میں چاکلیٹ تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

دکان سے روانہ ہونے سے پہلے ممتابنرجی نے دکان کے مالک بدھادیو موہنتو سے بات چیت کی اور پوچھا کہ کیا ان کی وجہ سے فروخت میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔ دکاندار کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ اسے توقع نہیں تھی کہ ایسا کچھ ہوگا۔

قبل ازیں دن میں انہوں نے اس ضلع میں قبائلی مجاہد آزادی برسامنڈا کے یوم پیدائش پر منعقدہ ایک تقریب میں ڈھول بھی بجایا۔ اس تقریب کے دوران چیف منسٹر مغربی بنگال نے بی جے پی زیرقیادت مرکز پر تنقید کی اور کہا کہ وہ ریاست کے بقایا جات ادا نہیں کررہا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا ریاست کے بقایا جات کے حصول کیلئے ہمیں بھیک مانگنی پڑے گی۔ وہ (مرکز) منریگا کے فنڈس جاری نہیں کررہا ہے۔ اگر بی جے پی حکومت ہمارے بقایا جات ادا نہیں کرتی تو اسے اقتدار سے بیدخل ہونے پڑے گا۔