تصویر کا تنازعہ، عام آدمی پارٹی پر بھگت سنگھ کے پوتے کی تنقید (ویڈیو)
افسانوی مجاہد آزادی بھگت سنگھ کے پوتے یدویندر سندھو نے جمعہ کے دن عام آدمی پارٹی کو نشانہ تنقید بنایا۔
چندی گڑھ: افسانوی مجاہد آزادی بھگت سنگھ کے پوتے یدویندر سندھو نے جمعہ کے دن عام آدمی پارٹی کو نشانہ تنقید بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آج صبح میں نے سنیتا کجریوال(چیف منسٹر اروند کجریوال کی بیوی) کی ویڈیو دیکھی جس میں دیوار پر اروند کجریوال کی تصویر‘ بھگت سنگھ اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویر کے ساتھ لگی ہے۔
یہ دیکھ کر تکلیف ہوئی۔ کجریوال کا تقابل عظیم ہستیوں سے کرنے کی کوشش کی گئی۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) سے میری گزارش ہے کہ وہ ایسی حرکتوں سے باز رہے۔
بھگت سنگھ نے ملک کے عوام کے لئے اپنی جان قربان کی تھی۔ اس کے برخلاف اروند کجریوال کرپشن کے الزام میں جیل میں بند ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے جمعرات کے دن مجاہد آزادی بھگت سنگھ اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تصاویر کے درمیان اروند کجریوال کی فوٹوشاپڈ امیج لگائی تھی۔
اس پر سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا۔ بی جے پی نے عام آدمی پارٹی پر قومی ہیروز کی توہین کا الزام عائد کیا۔ کجریوال کی فوٹوشاپڈ امیج‘ ویڈیو میں اس وقت دکھائی دی جب سنیتا کجریوال عام آدمی پارٹی ورکرس کے نام اپنے شوہر کا پیام پڑھ کر سنارہی تھیں۔