حیدرآباد میں گنیش مورتیوں کا وسرجن پُرامن طور پر اختتام پذیر،بعض افراد میں جھگڑے۔5مقدمات درج: کمشنرپولیس
ٹینک بنڈ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دس دنوں میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد مورتیوں کا وسرجن کیا گیا، جن میں سے صرف ٹینک بنڈ پر دو دن میں 25 ہزار سے زیادہ مورتیوں کا وسرجن عمل میں آیا۔
حیدرآباد: کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے کہا کہ حیدرآباد میں گنیش مورتیوں کا وسرجن پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔
ٹینک بنڈ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دس دنوں میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد مورتیوں کا وسرجن کیا گیا، جن میں سے صرف ٹینک بنڈ پر دو دن میں 25 ہزار سے زیادہ مورتیوں کا وسرجن عمل میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس بار شہر میں نصب مورتیوں کی اونچائی زیادہ رہی اور تمام احتیاطی تدابیر کے باوجود 40 فٹ بلند مورتیوں کے بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کی وجہ سے جلوس میں رکاوٹیں پیش آئیں۔
اسی دوران چند حادثات بھی ہوئے اور بعض افراد کے درمیان جھگڑے بھی سامنے آئے، جن پر 5 مقدمات درج کئے گئے۔کمشنر نے کہا کہ فی الحال ٹینک بنڈ پر ایک سمت کی ٹریفک کو بحال کردیا گیا ہے اور وہاں مورتیوں کا وسرجن سست رفتاری سے جاری ہے۔
سی وی آنند نے وسرجن عمل کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے میں تعاون کرنے والے تمام افراد اور محکموں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔