مودی کی رہائش گاہ پر این ڈی اے کی اہم میٹنگ
لوک سبھا انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اتحادی جماعتوں کی ایک اہم میٹنگ چہارشنبہ کو یہاں لوک کلیان مارگ پر واقع وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پر ہو رہی ہے۔

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اتحادی جماعتوں کی ایک اہم میٹنگ چہارشنبہ کو یہاں لوک کلیان مارگ پر واقع وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پر ہو رہی ہے۔
مودی کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں اتحاد کی دوسری سب سے بڑی اتحادی پارٹی تیلگو دیشم پارٹی کے لیڈر این چندرابابو نائیڈو، جنتا دل یو کے نتیش کمار، لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی) کے چراغ پاسوان رام ولاس اور اتحاد کی جماعتوں کے قائدین شریک ہیں۔
ان میں سے زیادہ تر لیڈر آج ہی دارالحکومت دہلی پہنچ گئے ہیں۔
این ڈی اے نے 293 سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی ہے لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کو اپنے طور پر اکثریت کے لیے درکار 272 سیٹیں نہ ملنے کی وجہ سے این ڈی اے میں ٹی ڈی پی اور جے ڈی یو کا رول اہم ہو گیا ہے۔ بی جے پی کو 240 سیٹیں ملی ہیں اور وہ اتحاد کا سب سے بڑا اتحادی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی ڈی پی کی ترجیح آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ فراہم کرنا ہے اور وہ میٹنگ میں اس مطالبہ کو پر زور طریقے سے اٹھائے گی۔ جے ڈی (یو) بھی بہار کے لیے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کر رہا ہے۔