حیدرآباد میں سیاحت کے فروغ کی سمت اہم قدم، کاروان حلقہ میں اہم مقامات کا معائنہ
ریاستی وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے رکن اسمبلی کاروان کوثر محی الدین کے ہمراہ کاروان حلقہ کے مختلف اہم مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی امکانات اور ورثہ کے تحفظ کا جائزہ لیا۔
ریاستی وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے رکن اسمبلی کاروان کوثر محی الدین کے ہمراہ کاروان حلقہ کے مختلف اہم مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی امکانات اور ورثہ کے تحفظ کا جائزہ لیا۔
اس معائنہ میں قطب شاہی مقابر (سات گنبد)، کٹورا ہاؤس، گولکنڈہ قلعہ کے سامنے موجود کھلی اراضی اور میوزیم (خزانہ بلڈنگ) شامل تھے۔
دورہ کے دوران رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے وزیر سے کٹورا ہاؤس کی فوری ترقی کے لیے اقدامات کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے گولکنڈہ قلعہ کے قریب موجود کھلی زمین پر دستکاری اور چھوٹے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی مرکز قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
اس منصوبہ کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور حکومت کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔
اس کے علاوہ رکن اسمبلی نے میوزیم (خزانہ بلڈنگ) کی تزئین و مرمت کی بھی درخواست کی تاکہ وہاں موجود قیمتی دستکاری کے ذخیرے کو محفوظ رکھا جا سکے اور عوام کے لیے بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
وزیر سیاحت جوپلّی کرشنا راؤ نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تمام تجاویز کو ترجیحی بنیادوں پر لیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس موقع پر محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیدار، ٹورزم کے ایم ڈی اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے کارکنان بھی موجود تھے۔
کاروان حلقہ میں قطب شاہی مقابر، گولکنڈہ علاقہ، کٹورا ہاؤس اور خزانہ بلڈنگ کے معائنہ کو حیدرآباد میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف تاریخی مقامات کی بہتری ممکن ہوگی بلکہ مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔