عمران خان کا پولی گراف ٹسٹ کرانے سے انکار
جیل میں بند سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس9مئی کے غیرمعمولی فسادات سے جڑے 12کیسس میں پولی گراف اور وائس میچنگ ٹسٹ کرانے سے انکارکردیا۔

لاہور: جیل میں بند سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس9مئی کے غیرمعمولی فسادات سے جڑے 12کیسس میں پولی گراف اور وائس میچنگ ٹسٹ کرانے سے انکارکردیا۔
12 رکنی فارنسک ٹیم یہ ٹسٹ کرنے کیلئے منگل کے دن اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔ لاہور پولیس کی ٹیم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی قیادت میں جیل آئی تھی۔ اخبار دی ایکسپریس ٹریبیون نے یہ اطلاع دی۔
پولیس کے ساتھ پنجاب فارنسک سائنس ایجنسی کے ماہرین موجود تھے۔ یہ ماہرین سابق وزیراعظم کا پولی گراف‘وائس میاچنگ اور فوٹو گرامیٹری ٹسٹ کرنے والے تھے۔ پی ٹی آئی کے بانی نے 15منٹ تک پولیس کے سوالات کا جواب دیاتاہم ٹسٹ کرانے سے انکارکردیا۔ اخبار دی نیشن نے یہ اطلاع دی۔
انہوں نے کہا کہ کئی ادارے ان کے خلاف انکوائری کررہے ہیں وہ پچھلی انکوائریز مکمل ہونے کے بعد پولیس کو وقت دیں گے۔ پولیس عہدیداروں نے عمران خان سے 9مئی کے فسادات کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں پوچھ تاچھ کی۔ پولیس ٹیم اور فارنسک ماہرین نے لاہور کے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان اصغر کو بتادیاکہ عمران خان تعاون نہیں کررہے ہیں۔
9مئی کے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے مبینہ ورکرس اور حامیوں نے فوجی تنصیبات بشمول جنرل ہیڈکوارٹرس(جی ایچ کیو) پر حملہ کردیاتھا۔