خاتون نے شوہر کو 10 سال میں 7 مرتبہ جیل کی ہوا کھلائی
گجرات کے مہسانہ سے ایک عجیب کیس سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے 10 سال سے بھی کم عرصہ میں اپنے شوہر کو گھریلو تشدد کے جرم میں 7 مرتبہ گرفتار کرایا لیکن ہر گرفتاری کے بعد وہ ضمانت دینے والی کی حیثیت سے آگے آتی تھی اور اپنے شوہر کی رہائی کا انتظام کرتی تھی۔
احمد آباد: گجرات کے مہسانہ سے ایک عجیب کیس سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے 10 سال سے بھی کم عرصہ میں اپنے شوہر کو گھریلو تشدد کے جرم میں 7 مرتبہ گرفتار کرایا لیکن ہر گرفتاری کے بعد وہ ضمانت دینے والی کی حیثیت سے آگے آتی تھی اور اپنے شوہر کی رہائی کا انتظام کرتی تھی۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا نے یہ اطلاع دی ہے۔ یہ جوڑا پریم چند مالی اور اس کی بیوی سونو ضلع مہسانہ کے کاڑی ٹاؤن میں رہتے ہیں۔ ان دونوں کی شادی 2001ء میں ہوئی تھی اور 2014ء سے ان کے تعلقات خراب ہونا شروع ہوگئے۔
سونو نے 2015ء میں اپنے شوہر کے خلاف پہلا کیس دائر کیا تھا اور جسمانی حملہ کرنے کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد عدالت نے شوہر کو حکم دیا کہ وہ ہر مہینہ 2 ہزار روپئے نان و نفقہ ادا کرے۔
بہرحال پریم چند جو یومیہ اجرت پر کام کرتا ہے، کڑی محنت کے باوجود نان و نفقہ کی رقم ادا کرنے سے قاصر رہا جس کے نتیجہ میں اسے دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ پریم چند نے جیل میں 5 ماہ گزارے۔
حیرت انگیز طور پر سونو نے اس کی رہائی کا انتظام کیا اور اس کی ضمانت دی۔ شوہر اور بیوی نے علیحدہ رہنا شروع کردیا۔ وہ لوگ اس کے باوجود لڑائی جھگڑے، علیحدگی، مفاہمت کے جال میں پھنسے رہے۔
کچھ عرصہ بعد انھوں نے دوبارہ ساتھ رہنا شروع کیا، لیکن لڑائیاں جاری رہیں۔ اخبار ٹائمز آف انڈیا نے قانونی دستاویزات کے حوالے سے بتایا کہ سونو کی شکایت پر 2016ء سے 2018ء تک پریم چند ہر سال گرفتار ہوتا رہا۔
سونو اس پر نقصان پہنچانے کا الزام لگاتی تھی۔ بعد ازاں وہ اس کی رہائی کا انتظام بھی کرتی تھی۔ پریم چند کو 2019ء اور 2020ء میں بھی جیل بھیجا گیا، کیوں کہ وہ نان و نفقہ کی رقم ادا کرنے سے قاصر رہا تھا، تاہم سونو نے ایک بار پھر اسے بچا لیا اور وہ لوگ کاڑی میں اپنے گھر واپس ہوگئے۔
اس مرتبہ پریم چند کو پتہ چلا کہ اس کا پرس اور سل فون غائب ہیں۔ اس نے سونو سے سوال کیا۔ سونو نے لاعلمی ظاہر کی، جس کے نتیجہ میں ان کے درمیان پھر جھگڑا شروع ہوگیا۔ کچھ ہی دیر میں یہ جھگڑا لڑائی میں تبدیل ہوگیا اور دونوں نے ایک دوسرے پر حملہ کیا۔
آخرکار پریم چند گھر چھوڑ کر پٹن میں اپنی ماں کے پاس رہنے چلا گیا۔ اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی اور اپنی بیوی سونو اور لڑکے پر نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔