آندھراپردیش
ٹرینڈنگ

بیوی سے تحفظ فراہم کیا جائے، پولیس سے بے بس شوہر کی درخواست

عجیب وغریب واقعہ میں ایک شوہر نے جو بیوی کی ہراسانی کا شکار بتایاگیا ہے، پولیس سے درخواست کی کہ وہ اسے بیوی سے تحفظ فراہم کرے کیونکہ بیوی کی وجہ سے اُس کی اور اس کے والدین کی جانوں کو سنگین خطرہ ہے۔

حیدرآباد: عجیب وغریب واقعہ میں ایک شوہر نے جو بیوی کی ہراسانی کا شکار بتایاگیا ہے، پولیس سے درخواست کی کہ وہ اسے بیوی سے تحفظ فراہم کرے کیونکہ بیوی کی وجہ سے اُس کی اور اس کے والدین کی جانوں کو سنگین خطرہ ہے۔

متاثرہ شوہر تیموجیان نے کہاکہ جب سے شادی ہوئی ہے تب سے بیوی، اُسے ذہنی اور جسمانی اذیت دے رہی ہے۔ شہر کے حیدرگوڑہ میں این ایس ایس سنٹر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مجبور ولاچار متاثرہ شوہر نے اپنے جسم پر موجود وہ زخم دکھائے جنہیں بیوی نے دیئے ہیں۔

آندھراپردیش کے راجولو مقام کے رہنے والے تیمو جیان کی شادی املاپورم کی رہنے والی لکشمی گوتمی کے ساتھ 7 سال قبل ا نجام پائی تھی۔ انہوں نے کہاکہ وہ شہر کے ملا ریڈی کالج میں انگلش کے پروفیسر کے طورپر کام کررہے ہیں اور وہ بیوی کے ساتھ الوال علاقہ میں مقیم ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اُنہیں ایک 5 سالہ لڑکا بھی ہے۔

خاندان کے بزرگ افراد نے بیوی کی کونسلنگ بھی کی ہے مگر اس کے باوجود لکشمی گوتمی کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ مجھ پر بدستور تشدد کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بیوی نے مجھ پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی اس کا ارادہ مجھے ہلاک کرنے کا تھا۔

میں نے الوال پولیس اسٹیشن میں بیوی کے خلاف شکایت بھی درج کرائی مگر پولیس نے مبینہ طورپر بیوی کے خلاف کیس درج کرنے میں تساہلی سے کام لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بیوی کے حملہ کے خوف سے وہ ہفتہ سے اپنے گھر نہیں جاسکے۔ انہیں خدشہ ہے کہ اگر میں گھر واپس گیا تو بیوی مجھ پر دوبارہ حملہ کرے گی۔ تیمو جیان نے پولیس سے ایک بار پھر درخواست کی کہ وہ ان کی بیوی کے خلاف کیس درج کریں اور بیوی سے انہیں تحفظ فراہم کریں۔