حیدرآباد

عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کا بطور خاص خیال رکھیں: مولانا جعفر پاشاہ

مولانا نے عیدالاضحی کے موقع سے صفائی کا بطورخاص خیال رکھنے کی بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،ایسے حالات میں صفائی کا خیال رکھنے پر بطورخاص توجہ ضروری ہے۔

حیدرآباد: امیرامارات ملت اسلامیہ حضرت مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفرپاشاہ نے دنیا بھر اور بالخصوص ملک اور تلنگانہ و آندھراپردیش کے مسلمانوں کو حج جیسی عظیم نعمت عظمی سے سرفراز ہونے اور کعبتہ اللہ میں حاضری کی سعادت سے مشرف ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

 اور توقع ظاہر کی کہ اللہ رب العزت کے بے پناہ کرم وعنایات اور محسن انسانیت خاتم النبین حضرت محمد مصطفیؐ کے صدقہ وطفیل میں حجاج کرام کی بقیہ تمام عبادات، وریاضات انتہائی پُرسکون انداز میں تکمیل پاجائیں گے۔مولانا نے مزید کہا کہ جن مسلمانوں نے جاریہ سال حج کو جانے کی کوشش کی اور اپنی تمام تر کوششوں وخواہش کے باوجود حج کو نہ جاسکے وہ اللہ رب العزت کی ذات ورحمت سے ہرگز مایوس نہ ہوں۔

انشااللہ یہ بابرکت مساعی پوری ہوکر رہے گی۔عید قربان کے موقع پر بعض امور کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مولانا نے کہاکہ ملک بھر کے عامتہ المسلمین قربانی کے جانور کی بھوک وپیاس کا پوراپوراخیال رکھیں۔اگرہم نے ان کی بھوک وپیاس کا خیال نہ رکھا تو آخرت میں اس کا جواب ہمیں دینا ہوگا۔

مولانا نے عیدالاضحی کے موقع سے صفائی کا بطورخاص خیال رکھنے کی بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،ایسے حالات میں صفائی کا خیال رکھنے پر بطورخاص توجہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ بعض مقامات پر دیکھنے میں آرہا ہے کہ جانوروں کو جس انداز سے باندھ کر رکھاگیا ہے، وہاں نہ صرف کافی گندگی ہے بلکہ لوگوں کو آمدورفت میں بھی کافی مشکلات و دشواریاں پیش آرہی ہیں۔اگر ہم عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کوفروخت کرکے کچھ آمدنی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے لیکن لوگوں کو تکلیف دے کر گندگی پھیلا کر کمائی کی اسلام اجازت نہیں دیتا۔

مولانا نے یہ بھی کہا کہ گھروں سے گندگی کو مناسب جگہ یا سٹرک پر بہاکر اپنی ذمہ داری کو ختم نہ سمجھیں بلکہ گندگی کو مناسب جگہ تک پہنچادیں اور قربانی کے بعد غلاظت وغیرہ کو کچرہ پھینکنے کے مقام پر بے ڈھنگے و نامناسب انداز میں پھینکنے کے بجائے پالی تھین کوور میں ڈال کر پھینکیں۔

مولانا نے کہاکہ گھروں کے اطراف و اکناف ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی جہاں تمام شہریوں پر ہمیشہ سماجی ذمہ داری ہوتی ہے وہیں اسلام نے تو ہمیشہ ہی صاف ستھرا ماحول رکھنے اور رہنے کی سخت تاکید کی ہے۔مولانا جعفرپاشاہ نے زور دیتے ہوئے کہاکہ مالدار رشتہ داروں کو ہی قربانی کا بہتر عمدہ گوشت دینے کے بجائے غریب ومستحق رشتہ داروں کو بھی بہتر و عمدہ گوشت دیاجائے۔

نوجوان اور صحت مند اصحاب عیدگاہوں میں نماز عید کی ادائیگی کا خاص خیال رکھیں۔جن رشتہ داروں نے ہم سے اپنا تعلق توڑ لیا ہے۔ان سے عید کے موقع پر ملاقات کرتے ہوئے رنجشوں کو ختم کرتے ہوئے تعلقات کو بحال کرنے کی سعی کریں۔