بارش کے پیش نظر کے کے آر کی ٹیم کا طیارہ لکھنؤ سے گوہاٹی، گوہاٹی سے وارانسی گھومتا رہا
کے کے آر کی میڈیا ٹیم نے بتایا کہ ٹیم کو لے جانے والے طیارے نے لکھنؤ سے شام 5:45 پر اڑان بھری تھی اور ان کے طیارے کو شام 7.25 پر اترنا تھا لیکن بارش کی وجہ سے ان کے طیارے کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
لکھنؤ: خراب موسم کی وجہ سے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) ٹیم کا طیارہ پیر کی شام کولکتہ میں نہیں اتر سکا اور وہ لکھنؤ سے گوہاٹی، گوہاٹی سے وارانسی تک گھومتا رہا۔
کے کے آر کی میڈیا ٹیم نے بتایا کہ ٹیم کو لے جانے والے طیارے نے لکھنؤ سے شام 5:45 پر اڑان بھری تھی اور ان کے طیارے کو شام 7.25 پر اترنا تھا لیکن بارش کی وجہ سے ان کے طیارے کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ رات 8.46 بجے انہیں بتایا گیا کہ کولکتہ میں شدید بارش کی وجہ سے ان کی پرواز کو گوہاٹی کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
اس کے بعد رات 9.43 بجے ہمیں معلوم ہوا کہ ہمیں کولکتہ واپس جانے کی اجازت مل گئی ہے اور ہم رات 11 بجے کولکتہ پہنچ جائیں گے۔ اس کے بعد رات 1.15 بجے اطلاع ملی کہ موسم خراب ہے اور طیارے کو لینڈ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اب اسے وارانسی بھیجا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم منگل کی صبح 3 بجے وارانسی پہنچی اور یہاں تاج گنگا ہوٹل میں رات گزاری۔ انہوں نے بتایا کہ اب کے کے آر ٹیم کا طیارہ منگل کو دوپہر 1.15 بجے وارانسی سے کولکتہ کے لیے پرواز کرے گا۔
کے کے آر ٹیم کو ہفتہ کو ممبئی انڈینس کے ساتھ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا ہے۔ اس کے بعد گجرات ٹائٹنز کے ساتھ 13 مئی کو احمد آباد میں اور 19 مئی کو راجستھان رائلز کے ساتھ گوہاٹی میں میچ ہیں۔ کے کے آر کی ٹیم گزشتہ میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو 98 رنز سے شکست دینے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر ہے۔