وسرجن جلوس سے مربوط واقعات‘6افراد ہلاک
دوسرے واقعہ میں ایک 4 سالہ لڑکا، ایک بائک سے گر پڑا اور ہلاک ہوگیا۔ بشیر باغ فلائی اوور کے قریب یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جبکہ آیوش، والدین کے ساتھ بائک پر مورتی وسرجن کیلئے حسین ساگر جارہا تھا۔
حیدرآباد:شہر حیدرآبادمیں جمعرات اورجمعہ کے دوران گنیش وسرجن جلوس سے مربوط علحدہ واقعات میں کم سے کم 6افراد ہلاک ہوگئے۔ پہلے واقعہ میں حسین ساگر سے متصل سنجیویا پارک کے قریب مورتی لے جانے والے ٹرک سے ایک لڑکا گر پڑا اور اس گاڑی کے ٹائر کی زد میں آگیا جس کی وجہ سے وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔
مہلوک کی شناخت، پرانیت کمار کی حیثیت سے کی گئی جو شہر کے کشن باغ، کا رہنے والا بتایاگیا ہے۔ دوسرے واقعہ میں ایک 4 سالہ لڑکا، ایک بائک سے گر پڑا اور ہلاک ہوگیا۔ بشیر باغ فلائی اوور کے قریب یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جبکہ آیوش، والدین کے ساتھ بائک پر مورتی وسرجن کیلئے حسین ساگر جارہا تھا۔
آیوش کے والد راج شیکھر جو بائک چلا رہے تھے، توازن کھو بیٹھے جس کے نتیجہ میں تینوں گر پڑے اس دوران ایک دوسری گاڑی نے آیوش کو روند دیا جس کے سبب وہ شدید زخمی ہوگیا۔ شدید زخمی آیوش کو نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔
تیسرے واقعہ میں 14سالہ اسنہاہانت‘ چرلہ پٹیل گوڑا ابراہیم پٹنم میں ٹریکٹر ٹرالی الٹ جانب سے ہلاک ہوگیا۔چوتھے واقعہ میں شنکرپلی کا50سالہ نرسملومورتیوں کوپانی کے حوالہ کرنے کے دوران اتفاقی طورپر تالاب میں گرپڑا اور غرقاب ہوگیا۔اس کی لاش آج نکالی گئی۔
جمعرات کی شب دونوجوان جن کی شناخت 24سالہ نندوکمار اور 22سالہ ڈی کمار جوآپس میں دوست اور نیوبوئن پلی کے رہنے والے بتائے گئے ہیں‘بائک پر حسین ساگر کی سمت وسرجن جلوس کے مشاہدہ کے لئے جارہے تھے کہ ان کی بائک ایک ٹرک سے ٹکراگئی جس کے سبب یہ دونوں ہلاک ہوگئے۔یہ واقعہ سکندرآباد میں مہانکالی مندر کے قریب پیش آیا۔پولیس نے علحدہ کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کاآغاز کردیا ہے۔