تعلیم و روزگار

تلنگانہ کے خانگی کالجوں کا آج سے غیرمعینہ مدت کا بند

تلنگانہ پرائیوٹ ڈگری اینڈ پی جی کالجس مینجمنٹ اسوسی ایشن نے آج یہ اعلان کیا کہ کل سے غیرمعینہ مدت کا بند منایا جائے گا جو اس وقت تک جاری رہے گا

حیدرآباد (منصف ویب ڈیسک) تلنگانہ پرائیوٹ ڈگری اینڈ پی جی کالجس مینجمنٹ اسوسی ایشن نے آج یہ اعلان کیا کہ کل سے غیرمعینہ مدت کا بند منایا جائے گا جو اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ فیس بازادائیگی بقایا جات کانگریس حکومت کی جانب سے ادا نہیں کردیئے جائیں گے۔

انتظامیوں نے منگل سے جماعتیں منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ حکومت کی جانب سے فیس باز ادائیگی بقایا جات کی عدم ادائیگی کے باعث کالجوں کو چلانے کے موقف میں نہیں ہیں۔

اسوسی ایشن کے صدر بوجا سوریہ نارائنا ریڈی اور سکریٹری یادا کرشنا نے ایک مشترکہ بیان میں بتایا ”ہمارے ملازمین اور کالج کی عمارتوں کے مالکان کے عدم تعاون کے باعث انتظامیوں نے غیرمعینہ مدت کا بند منانے کا فیصلہ کیا ہے جو اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ فیس کے بقایا جات ادا نہیں کئے جائیں گے“۔

انتظامیہ کے بموجب حکومت کی جانب سے ہر سال پیشہ وارانہ اور غیرپیشہ وارانہ دونوں کورسس کیلئے فیس باز ادائیگی کی بابت 2500 کروڑ روپے مختص کئے جارہے ہیں۔

مجموعی رقم میں سے انجینئرنگ پروگراموں کے سوا دوسرے تمام پروگراموں کیلئے 50 فیصد اور 1250 کروڑ روپے جاری کئے جارہے ہیں۔ ریاست کے کالجوں میں 11 لاکھ طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔