ہندوستان نے اقوام متحدہ قرارداد کی تائید میں ووٹ ڈالا
153 ممالک نے قرارداد کی تائید میں ووٹ ڈالے جبکہ 10 ووٹ مخالفت میں پڑے اور 23 ممالک غیرحاضر تھے۔ ہندوستان 153ممالک میں شامل ہے جنہوں نے قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے۔

اقوام متحدہ: ہندوستان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مسودہ قرارداد کی تائید میں ووٹ دیا ہے جس میں جاریہ اسرائیل۔ حماس جنگ کے دوران فوری انسانی لڑائی بندی اور تمام یرغمالیوں کی غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ 193 رکنی یو این جنرل اسمبلی میں منگل کے دن خصوصی ایمرجنسی اجلاس میں اکثریتی تائید سے قرارداد منظور کرلی گئی۔
153 ممالک نے قرارداد کی تائید میں ووٹ ڈالے جبکہ 10 ووٹ مخالفت میں پڑے اور 23 ممالک غیرحاضر تھے۔ ہندوستان 153ممالک میں شامل ہے جنہوں نے قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے۔
جنرل اسمبلی ہال میں یہ قرارداد منظور ہوئی۔ مخالفت میں ووٹ دینے والے ممالک میں آسٹریا‘ اسرائیل اور امریکہ شامل ہیں جبکہ غیرحاضر رہنے والے ممالک میں جرمنی‘ ہنگری‘ اٹلی‘ یوکرین اور برطانیہ شامل ہیں۔ قرارداد مصر نے متعارف کرائی۔
اس میں تاہم حماس کا نام نہیں لیا گیا۔ آسٹریا اور امریکہ نے مسودہ متن میں ترمیم پیش کی تھی۔ آسٹریا چاہتا تھا کہ یرغمالیوں کے ساتھ حماس اور دیگر گروپس کی سطر جوڑی جائے یعنی یہ لکھا جائے کہ حماس اور دیگر گروپس نے انہیں یرغمال بنارکھا ہے۔
ہندوستان نے آسٹریا اور امریکہ دونوں کی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالا تاہم ترامیم کو منظوری نہیں مل سکی کیونکہ اس کے لئے دوتہائی اکثریت ضروری ہوتی ہے۔ آسٹریلیا کی ترمیم کے حق میں 89 اور مخالفت میں 61 ووٹ پڑے جبکہ امریکی ترمیم کی تائید میں 84 اور مخالفت میں 62 ووٹ پڑے۔ اکتوبر میں ہندوستان نے جنرل اسمبلی میں قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔