ہندستانی ایئرلائنز نے منگل سے مغربی ایشیا کے منتخب شہروں کے لیے پروازیں شروع کیں
نجی ایئرلائن اسپائس جیٹ نے بتایا ہے کہ وہ آج اور آئندہ چند دنوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ سے دہلی اور کوچی کے لیے ایک ایک جبکہ ممبئی کے لیے دو خصوصی پروازوں کا آپریشن کرے گی۔ اس کے علاوہ 04 مارچ سے وہ فجیرہ سے دہلی اور ممبئی کے لیے اپنی باقاعدہ پروازیں بھی شروع کرے گی۔
نئی دہلی: ہندستانی ایئرلائنز نے منگل سے مغربی ایشیا کے چند منتخب شہروں کے لیے باقاعدہ اور خصوصی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ایئرلائن اسپائس جیٹ نے بتایا ہے کہ وہ آج اور آئندہ چند دنوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ سے دہلی اور کوچی کے لیے ایک ایک جبکہ ممبئی کے لیے دو خصوصی پروازوں کا آپریشن کرے گی۔ اس کے علاوہ 04 مارچ سے وہ فجیرہ سے دہلی اور ممبئی کے لیے اپنی باقاعدہ پروازیں بھی شروع کرے گی۔
نئی قائم شدہ ایئرلائن اکاسا ایئر نے 3 مارچ سے ممبئی اور سعودی عرب کے شہر جدہ کے درمیان باقاعدہ پرواز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ بدھ سے ممبئی اور احمد آباد سے جدہ کے لیے باقاعدہ پروازیں چلائے گی۔ تاہم ابو ظہبی، دوحہ، کویت اور ریاض جانے والی اس کی تمام پروازیں 04 مارچ تک منسوخ رہیں گی۔
انڈیگو آج جدہ سے ممبئی، حیدرآباد اور احمد آباد کے لیے چار پروازیں چلا رہی ہے۔ اس نے بتایا ہے کہ ان پروازوں کا آپریشن ان مسافروں کے لیے کیا جارہا ہے جنہوں نے پہلے سے انڈیگو کی فلائٹ میں ٹکٹ بک کرائے تھے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے آج سے عمان کے دارالحکومت مسقط سے دہلی، کوچی، کوژیکوڈ، بنگلورو، ممبئی اور تروچیراپلی کے لیے باقاعدہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم بحرین، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جانے والی اس کی تمام پروازیں آج آدھی رات تک منسوخ رہیں گی۔
ایئر انڈیا نے امریکہ، کناڈا، یورپ اور برطانیہ کے لیے اپنی تمام پروازیں آج سے معمول کے مطابق چلانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق مغربی ایشیا جانے والی اس کی تمام پروازیں آج آدھی رات تک منسوخ رہیں گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائی کے بعد مغربی ایشیا کی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ ایران بھی مغربی ایشیا کے ان ممالک میں جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں، حملے کر رہا ہے، جس کے باعث کئی ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
مغربی ایشیا کے بحران کے باعث پیر کو ہندستان سے روانہ ہونے والی 357 پروازیں منسوخ رہیں۔ دہلی ہوائی اڈے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آج دہلی سے روانہ ہونے والی اور دہلی آنے والی 80 پروازیں اسی وجہ سے منسوخ کی گئی ہیں۔ ان میں 36 پروازیں دہلی سے مغربی ایشیا جانے والی اور 44 وہاں سے دہلی آنے والی شامل ہیں۔
اس دوران پیر کی شام سے دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے بھی محدود تعداد میں پروازوں کا آپریشن دوبارہ شروع ہو گیا ہے، جن میں دہلی اور ممبئی سمیت ہندستان کے پانچ شہروں کی پروازیں شامل ہیں۔