تلنگانہ

تلنگانہ میں اگلے 4دنوں تک بارش کی پیش قیاسی

جنوب مغربی مانسون کی آمد سے قبل اگلے 4 دنوں میں تلنگانہ کے بیشتر مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تلنگانہ کے کئی علاقوں میں ہلکی تا اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔

حیدرآباد (آئی اے این ایس) جنوب مغربی مانسون کی آمد سے قبل اگلے 4 دنوں میں تلنگانہ کے بیشتر مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تلنگانہ کے کئی علاقوں میں ہلکی تا اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔

شمالی تلنگانہ علاقہ میں کہیں کہیں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔ ریاست بھر میں موسم ابرآلود رہے گا جس سے مانسون کی آمد کے لئے حالات ساز گار بنے رہیں گے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ میں مئی کے اختتام یا جون کے پہلے ہفتہ میں جنوب مغربی مانسون داخل ہونے کی امید ہے۔

جنوب مغربی مانسون نے اتوار کو بحیرہ عرب کے مزید مغربی وسط، مشرقی وسط، کرناٹک، مہاراشٹرا، گوا کے مزید مقامات اور خلیج بنگال کے مغربی وسطی اور شمال کے مزید علاقوں تک پیش رفت کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ اضلاع عادل آباد، نرمل، نظام آباد، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک، کاماریڈی اور محبوب نگر میں پیر کے روز کہیں کہیں شدید بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ منگل کے روز جئے شنکر بھوپال پلی، ملگ، بھدرادری کتہ گوڑ، کھمم، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں اور سدی پیٹ اضلاع میں کہیں کہیں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 دنوں میں تلنگانہ میں مانسون کی آمد کی مضبوط پیش قیاسی کی ہے۔ ہوا کے کم دباؤ کے نظام سے حیدرآباد کے سمیت تلنگانہ بھر میں شدید بارش کا امکان ہے۔