فضائی پابندیوں کے سبب انڈیگو کی مانچسٹر جانے والی پرواز دہلی واپس لوٹ آئی
ذرائع کے مطابق طیارے میں 250 سے زائد مسافر سوار تھے۔
نئی دہلی : انڈیگو کی دہلی سے مانچسٹر جانے والی ایک پرواز کو فضائی حدود سے متعلق پابندیوں کے باعث آدھے راستے سے واپس دہلی لوٹنا پڑا۔
ایئر لائن کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پرواز نمبر 6E-033 نے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے لیے اڑان بھری تھی، لیکن آخری وقت میں فضائی حدود سے متعلق پابندیوں کے سبب اسے راستے ہی سے دہلی واپس لوٹنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق طیارے میں 250 سے زائد مسافر سوار تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ مغربی ایشیا اور اس کے اطراف کے علاقوں میں موجودہ حالات کے باعث یہ صورتحال پیش آئی۔
پروازوں کی نگرانی کرنے والی ایجنسی فلائٹ راڈار کے مطابق بوئنگ 787-9 طیارے نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بج کر 43 منٹ پر دہلی ہوائی اڈے سے پرواز بھری تھی۔ طیارہ دوپہر 2 بج کر 7 منٹ پر دوبارہ دہلی میں اتر گیا۔ ایجنسی کے مطابق طیارہ ایتھوپیا اور اریٹریا کی سرحد کے قریب سے دہلی کی جانب واپس مڑ گیا۔