انڈیگو کی ابوظہبی اور جدہ کیلئے براہ راست پرواز
یہ پروازیں جمعہ سے شروع ہونے والی ہیں اور اسٹریٹجک طور پر بین الاقوامی رابطوں کو بڑھانے اور بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں انڈیگو کے لیے ایک اور سنگ میل ہیں۔

کولکتہ: ہندوستان کی معروف ایئر لائن انڈیگو احمد آباد سے ابوظہبی اور احمد آباد سے جدہ کے لیے روزانہ دو نئی براہ راست پروازیں شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس سے ہندوستان اور خلیجی ممالک کے درمیان سفری رابطوں کو وسعت ملے گی اور تعلقات میں مضبوطی آئے گی۔
یہ پروازیں جمعہ سے شروع ہونے والی ہیں اور اسٹریٹجک طور پر بین الاقوامی رابطوں کو بڑھانے اور بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں انڈیگو کے لیے ایک اور سنگ میل ہیں۔
انڈیگو کے گلوبل سیلز کے سربراہ ونے ملہوترا نے کہا، "ہندوستان کو بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑنے اور اپنی رسائی کو بڑھانے کے ہمارے عزم کے مطابق ہم احمد آباد سے مشرق وسطیٰ کے دو بڑے شہروں ابوظہبی اور جدہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پرجوش محسوس کررہے ہیں۔
ان پروازوں کے آغاز کے ساتھ ہی، انڈیگو ملک کے سات شہروں سے ابوظہبی کے لیے ہفتہ وار 49 پروازیں اور پانچ شہروں سے جدہ کے لیے ہفتہ وار 35 پروازیں چلائے گی۔
یہ نئے راستے سیر و تفریح اور کاروبار کے لیے مسافروں کو زیادہ متبادل اور سہولت فراہم کریں گے، خاص طور پر احمد آباد سے، جو اپنی مضبوط ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے مشہور ہے۔
انڈیگو ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے درمیان فلائٹ کنیکٹیویٹی کو بڑھانے پر بھت خوش ہے۔ انڈیگو اپنے منفرد نیٹ ورک پر سستا، وقت کا پابند، شائستہ اور پریشانی سے پاک سفر کا تجربہ فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔