اندور: رام نومی کے موقع پر مندر کی باؤلی کی چھت گرنے سے 13 افراد ہلاک، کئی لاپتہ
حکام نے بتایا کہ اب تک 13 لاشوں کو نکالا گیا ہے اور بچاؤ اقدامات ابھی بھی جاری ہیں۔ اس واقعہ میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لئے دواخانہ میں شریک کرادیا گیا ہے۔

اندور: مدھیہ پردیش کے اندور کے پٹیل نگر میں واقع ایک قدیم مندر کے احاطے کی چھت گرنے سے کئی لوگ باؤلی میں گرگئے۔ اس حادثے میں 13 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ کئی افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔
اب تک 13 لاشیں باؤلی سے نکالی گئی ہیں جن میں 10 لاشیں خواتین کی ہیں۔ اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق آج رام نومی کے موقع پر پٹیل نگر کے بیلیشور مہادیو مندر احاطے میں عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ جمع تھی۔ دوپہر 12 بجے کے قریب کیمپس میں واقع ایک قدیم باؤلی پر بنی چھت گر گئی جس کی وجہ اوپر ٹھہرے کئی لوگ باؤلی میں گرگئے جس کے نتیجہ میں 13 افراد کی موت ہوگئی اور کئی لاپتہ ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اب تک 13 لاشوں کو نکالا گیا ہے اور بچاؤ اقدامات ابھی بھی جاری ہیں۔ اس واقعہ میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لئے دواخانہ میں شریک کرادیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ باؤلی 50 تا 60 فٹ گہری بتائی جاتی ہے جبکہ اس میں پانی کی مقدار بہت کم تھی۔ اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ گرنے کے نتیجے میں لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث اموات ہوئی ہیں۔
واقعے کے بعد باؤلی میں سیڑھیاں اور رسیاں ڈال کر بچاؤ کا کام شروع کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان خود واقعہ کی نگرانی کر رہے ہیں۔
یہ افسوسناک واقعہ آج دوپہر 12.30 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب رام نومی کے موقع پر بالیشور مہادیو مندر میں لوگ پوجا کرنے آئے تھے۔ اس واقعہ سے پورے مدھیہ پردیش میں صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
حکومت نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ کنویں کی چھت گرنے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا تھا لیکن جائے حادثہ پر تنگ جگہ نے فوری بچاؤ کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا کی۔
وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے اس واقعہ میں لوگوں کی موت پر اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگیہ اور اندور کے میئر پشی مترا بھارگوا موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
اسی دوران ریاستی حکومت نے مہلوکین کے ورثا کے لئے فی کس 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا اور زخمیوں کے لئے 50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔