مہاراشٹرا

بجرنگ بلی نے کرناٹک الیکشن میں بی جے پی کی مدد نہیں کی: سنجے راوت

شیوسینا (یوبی ٹی لیڈر) سنجے راوت نے آج یہاں کہا کہ کرناٹک انتخابات میں بجرنگ بلی نے بی جے پی کی مدد نہیں کی اسی لئے اب یہ پارٹی اورنگ زیب اور ٹیپوسلطان جیسی تاریخی شخصیتوں پر انحصار کررہی ہے۔

اورنگ آباد: شیوسینا (یوبی ٹی لیڈر) سنجے راوت نے آج یہاں کہا کہ کرناٹک انتخابات میں بجرنگ بلی نے بی جے پی کی مدد نہیں کی اسی لئے اب یہ پارٹی اورنگ زیب اور ٹیپوسلطان جیسی تاریخی شخصیتوں پر انحصار کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں
بی جے پی کو باہر کاراستہ دکھا دیا جائے گا: کے ٹی آر
راؤت نے قتل کے ملزم کے ساتھ شنڈے کے لڑکے کی تصویر شیئر کی
سنجے راوت کے ریمارک پر رام مندر کے صدر پجاری کی تنقید
بھگوان رام بی جے پی کے انتخابی امیدوار : سنجے راوت
اسرائیل کے جذبات کو مجروح کرنے کامنشا نہیں تھا:راوت

ادھوٹھاکرے کی زیرقیادت پارٹی کی یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن راجیہ سبھا نے مہاراشٹرا میں فرقہ وارانہ تشدد کے حالیہ واقعات کیلئے حکمراں اتحاد کے بی جے پی رکن اسمبلی کو موردِ الزام ٹھہرایا۔

راوت نے سوال کیا کہ اورنگ زیب کا مقبرہ مہاراشٹرا میں ہے۔ (مغل شہنشاہ) اورنگ زیب کو یہاں دفنایا گیا۔ چھترپتی شیواجی مہاراج نے انہیں مہاراشٹرا میں دفن کیا تو پھر کولہاپور، سنگم نیر اور دیگر مقامات پر انہیں دوبارہ کیوں زندہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اپنی سیاست کیلئے اورنگ زیب کی ضرورت ہے۔ کیونکہ کرناٹک میں بجرنگ بلی نے اس کی مدد نہیں کی۔ اسی لئے اب وہ لوگ اورنگ زیب، ٹیپوسلطان، بہادرشاہ ظفر، افضل خان کا مسئلہ اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا آپ (بی جے پی) ان لوگوں کو اس لئے دوبارہ زندہ کررہے ہیں کیونکہ آپ کو ان کی ضرورت ہے۔

آپ کی ہندوتوا اِن خانوں پر ٹکی ہوئی ہے اور وہ بوگس ہے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ مغربی مہاراشٹرا کے کولہاپور میں چہارشنبہ کے روز دائیں بازو کی تنظیموں نے بعض افراد کی جانب سے ٹیپوسلطان کی تصویر اور اپنے سوشل میڈیا اسٹیٹس پر ان کا جارحانہ آڈیو کلپ استعمال کرنے پر پرتشدد احتجاج کیا۔

راوت نے مزید کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس سوال کرتے ہیں کہ یہ اورنگ زیب کے وارث کہاں سے آگئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا آپ (بی جے پی) کی وجہ سے ہوا ہے۔ کولہاپور کے واقعات میں ملوث بیشتر افراد شہر کے باہر کے تھے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ راتوں رات پیامات جاری کئے جاتے ہیں اور تشدد کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔