کرناٹک

انفوسس کے مالک نارائن مورتی نے چار ماہ کے پوتے کو 240 کروڑ روپے کے شیئرس تحفے میں دے دیئے

ملک کی دوسری سب سے بڑی انفارمیشن ٹیکنالوجی سرویسس کمپنی، انفوسس کے بانی این آر نارائن مورتی نے اپنے چار ماہ کے پوتے ایکاگرہ روہن مورتی کو 240 کروڑ روپے سے زیادہ کے شیئرس تحفے میں دے دیئے۔

بنگلورو: ملک کی دوسری سب سے بڑی انفارمیشن ٹیکنالوجی سرویسس کمپنی، انفوسس کے بانی این آر نارائن مورتی نے اپنے چار ماہ کے پوتے ایکاگرہ روہن مورتی کو 240 کروڑ روپے سے زیادہ کے شیئرس تحفے میں  دے دیئے۔ اس طرح وہ خاندان میں سب سے چھوٹا کروڑ پتی بن گیا ہے۔

ایکسچینج فائلنگ سے پتہ چلتا ہے کہ روہن مورتی کے پاس اب انفوسس میں 15 لاکھ شیئرز ہیں جو کہ 0.04 فیصد حصص کے برابر ہیں۔ اس تحفے کے بعد انفوسس میں نارائن مورتی کا حصہ 0.40 فیصد سے کم ہو کر 0.36 فیصد رہ گیا، جو کہ 1.51 کروڑ سے زیادہ شیئرز کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ لین دین "آف مارکیٹ” کیا گیا ہے۔

نارائن مورتی اور ان کی اہلیہ اور مصنفہ سدھا مورتی گزشتہ سال نومبر میں دادا دادی بن گئے تھے جب ان کے بیٹے روہن مورتی اور ان کی بیوی اپرنا کرشنن کے یہاں بیٹا پیدا ہوا۔

مورتی جوڑے کی دو نواسیاں بھی ہیں۔ ان کی بیٹی اکشتا مورتی کی شادی برطانوی وزیر اعظم رشی سنک سے ہوئی ہے۔

نارائن مورتی نے 1981 میں چھ دیگر شریک بانیوں کے ساتھ مل کر انفوسس کی بنیاد رکھی تھی۔ انفوسس ہندوستان کی سب سے بڑی آئی ٹی خدمات کمپنیوں میں سے ایک ہے اور اس نے ہندوستان کی آئی ٹی صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔