نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت
تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پیر کے روز متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست بھر میں عوامی نظام تقسیم کے نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے عمل میں تیزی پیدا کریں۔

حیدرآباد (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پیر کے روز متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست بھر میں عوامی نظام تقسیم کے نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے عمل میں تیزی پیدا کریں۔
ریاستی وزیر سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی کے ساتھ محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ می سیوا‘ سیٹزن سنٹرس‘ گرام سبھا اور دیگر چانلوں سے وصول راشن کارڈز کی درخواستوں کی تنقیح کا عمل بلا تاخیر مکمل کرلینا چاہئے۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام اہل درخواست گزاروں کو بعجلت ممکنہ نئے راشن کارڈز جاری کرنا چاہئے۔ مزید براں انہوں نے کہا کہ ایسے اضلاع جہاں ایم ایل سی انتخابات کے سلسلہ میں ضابطہ اخلاق لاگو نہیں ہے‘ وہاں عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ‘ عوام میں نئے راشن کارڈز تقسیم کریں۔
ریاست کے چند اضلاع میں 27 فروری کو منعقد شدنی ایم ایل سی کے الیکشن کا ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ ریڈی نے عہدیداروں سے جواب طلب کیا کہ درخواستوں کے ادخال کے لئے می سیوا مراکز پر عوام کی طویل قطاریں کیوں دکھائی دے رہی ہے؟ جبکہ اس سے قبل کئی بار درخواستیں طلب و داخل کی جاچکی ہیں۔
عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ قبل ازیں درخواستیں داخل کرچکے افراد اب دوبارہ درخواستیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ عوام میں اس بات کا شعور بیدار کریں کہ نئے راشن کارڈز کے لئے قبل ازیں درخواستیں دے چکے افراد دوبارہ درخواستیں داخل نہ کریں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو بلاتاخیر راشن کارڈز کی تقسیم کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔