تلنگانہ

عادل آباد میں بی جے پی کے داخلی اختلافات منظر عام

پارٹی کے ذرائع نے کہا کہ باپو راؤ کے تعلق سے مذکورہ فنڈس کے ناجائز استعمال کے سلسلہ میں کئے جانے والے تمام ادعات جھوٹے ہیں اور یہ 2 گروپس کے درمیان تنازعہ اور اختلافات کا نتیجہ ہے

حیدر آباد: عادل آباد میں بی جے پی کی داخلی کشمکش اور تنازعات منظر عام پر آگئے ہیں۔ ایک ویڈیو جس میں عادل آباد کے بی جے پی ایم پی سوئیم باپو راؤ اِس بات کا اعتراف کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ پارلیمنٹ لوکل ایریا ڈیولپمنٹ اسکیم (ایم پی ایل اے ڈی ایس) کے فنڈس کا ایک حصہ وہ اپنی رہائش گاہ کی تعمیر اور اپنے بیٹے کی شادی پر خرچ کئے ہیں جس کے بعد ضلع میں بی جے پی کے قائدین کے درمیان شدید اختلافات اُبھر کر سامنے آگئے ہیں۔

متعلقہ خبریں
41 برسوں کے بعد کسی وزیراعظم کا دورہ عادل آباد
9 نومبر کی تاریخ گزرگئی، اتراکھنڈمیں یو سی سی لاگو نہ ہونے پر کانگریس کا طنز
ایودھیا میں رام مندر کو25 کروڑ روپئے کے عطیات موصول
حیدرآباد: معہد برکات العلوم میں طرحی منقبتی مشاعرہ اور حضرت ابو البرکاتؒ کے ارشادات کا آڈیو ٹیپ جاری
کانگریس ورکرس، کاسٹ سروے کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں: صدر ٹی پی سی سی

 پارٹی کے  قائدین ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے ہوئے بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ عادل آباد میں چند دن قبل منعقدہ بی جے پی قائدین کے اجلاس کے دوران ایک ویڈیو لیا گیا جس میں سوئیم باپو راؤ اِس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ پارلیمنٹ لوکل ایریا ڈیولپمنٹ اسکیم (ایم پی ایل اے ڈی ایس) کے فنڈس کا انہوں نے شخصی طور پر استعمال کیا ہے۔

 یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بی جے پی کے ایم پی اب ادعا کررہے ہیں کہ یہ اُن کی پارٹی کے قائدین کی کارستانی اور سازش کا نتیجہ ہے جو کہ اُن کے کردار کو داغدار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ باپو راؤ نے مزید ادعا کیا کہ پارٹی کے بعض قائدین اُنہیں ترقی کرتا ہوا دیکھنا نہیں چاہتے۔

عادل آباد کے بی جے پی ایم پی سوئیم باپو راؤ نے الزام عائد کیا کہ ضلع صدر پایل شنکر اور عادل آباد کے سابق ایم پی رمیش راتھوڑ اُن کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کررہے ہیں اور جھوٹے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ تمام ایپی سوڈ کے پیچھے اِن قائدین کا ہی ہاتھ ہے۔

بی جے پی کے بعض قائدین میری بے باکی اور حقیقت پسندی کو پسند نہیں کرتے۔ اِس لئے وہ میرے خلاف سازش کررہے ہیں تاکہ میرے کردار کو داغدار کیا جاسکے۔ انہوں نے ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔

 ایم پی ایل اے ڈی فنڈس کے ناجائز استعمال کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے باپو راؤ نے ادعا کہ اُن کے حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈس کا استعمال نہیں کیا جاسکا کیونکہ وہ اپنے مکان کی تعمیر اور لڑکے کی شادی کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔

 انہوں نے کہا کہ فنڈس کے بے جا استعمال کے الزامات غیر درست ہیں کیونکہ شخصی طور پر یہ رقم استعمال نہیں کی جاسکتی۔ اِس سلسلہ میں سرکاری قواعد کی تکمیل کرنی ہوتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مقامی عہدیداروں نے بھی تردید کی ہے کہ سوئیم باپو راؤ نے ایم پی ایل اے ڈی فنڈس کا شخصی طور پر استعمال کیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ رکن پارلیمنٹ اپنے مکان کی تعمیر اور لڑکے کی شادی کے لئے مذکورہ فنڈس کا استعمال نہیں کرسکتے، کیونکہ یہ فنڈس عوامی مقاصد کے لئے مختص ہوتا ہے۔

 پارٹی کے ذرائع نے کہا کہ باپو راؤ کے تعلق سے مذکورہ فنڈس کے ناجائز استعمال کے سلسلہ میں کئے جانے والے تمام ادعات جھوٹے ہیں اور یہ 2 گروپس کے درمیان تنازعہ اور اختلافات کا نتیجہ ہے۔ حریف گروپ اِس طرح کے الزامات عائدکررہا ہے۔

باپو راؤ 2019ء کے انتخابات سے قبل بی جے پی میں شامل ہوئے جبکہ راتھوڑ نے اُن کے خلاف کانگریس اُمیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا اور ہار گئے۔ بعد میں راتھوڑ زعفران بریگیڈ میں حضور آباد میں ایم ایل اے ایٹالہ راجندر کے ساتھ شامل ہوگئے جوکہ بی آر ایس پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔