بین الاقوامی

بحرین میں امریکی پانچویں بیڑہ پرایران کا حملہ

ایران کی اسلامک ریولیوشنری گارڈز کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ”آپریشن نصر2“کے پانچویں مرحلہ کے تحت چہارشنبہ کے دن بحرین میں واقع امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑہ کے ٹھکانے پر حملہ کر کے فوجی ساز و سامان کے بڑے ذخیرے اور ایندھن کے ٹینکوں کو تباہ کر دیا ہے۔

تہران: ایران کی اسلامک ریولیوشنری گارڈز کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ”آپریشن نصر2“کے پانچویں مرحلہ کے تحت چہارشنبہ کے دن بحرین میں واقع امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑہ کے ٹھکانے پر حملہ کر کے فوجی ساز و سامان کے بڑے ذخیرے اور ایندھن کے ٹینکوں کو تباہ کر دیا ہے۔

مہر نیوز ایجنسی کے مطابق آئی آر جی سی نے ایک بیان میں کہا کہ حملہ میں امریکی قومی سلامتی ایجنسی (این ایس اے) کے انتظامی مرکز‘ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر‘ فوجی ساز و سامان اور پرزوں کے بڑے گوداموں اور امریکی بیڑہ کے ایندھن ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کو نشانہ بنایا گیا

بیان میں امریکہ پر بحر ہند میں ”سمندری قزاقوں“ کو تعینات کر کے آبنائے ہرمز کی حفاظت کے نام پر سمندری تجارتی راستوں کو مسدود کرنے اور خطہ سے تیل و گیس کی سپلائی معطل کرنے کا الزام لگایا گیا۔

آئی آر جی سی نے کہا کہ امریکہ کو یہ جان لینا چاہیے کہ اس کے سمندری قزاقوں نے بحر ہند سے دنیا کے لیے تیل اور گیس کی برآمدات کا راستہ بند کر دیا ہے جس سے امریکہ کے اقتصادی حریفوں کے مفادات خطرہ میں پڑ گئے ہیں۔

ایسے میں اسے یہ بھی توقع رکھنی چاہیے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کے مفادات کو پورا کرنے والے دیگر تیل اور گیس کی برآمدی راستے بھی بند کیے جا سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ خطہ سے تیل اور گیس کی برآمد یا تو سب کے لیے ہوگی یا پھر کسی کے لیے بھی نہیں۔اس سے قبل آئی آر جی سی نے منگل کی شام امریکہ کے تازہ حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر مزائل اور ڈرون حملے کیے۔