قانونی مشاورتی کالمقومی

کیا SIR میں نوٹس کی سماعت کا مرحلہ ابھی باقی ہے؟ مزید نوٹسیں جاری ہونے کا امکان کتنا؟

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں ووٹرلسٹ پر خصوصی جامع نظرثانی کا کام جاری ہے ۔ایس آئی آر کے کام کے تحت جو طریقہ کاریا لائحہ عمل پہلے مرتب کیا گیا تھا۔

سوال: ریاست تلنگانہ میں ایس آئی آر کا کام جاری ہے۔ کیا نوٹسس پرابھی بھی سماعت کی کوئی گنجائش ہے۔ مزید سماعت کے لئے کیا نوٹسیں آنے کے بھی امکانات ہیں۔ اس سلسلہ میں تفصیلی روشنی ڈالیں تو بڑی مہربانی ہوگی۔

جواب: الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں ووٹرلسٹ پر خصوصی جامع نظرثانی کا کام جاری ہے ۔ایس آئی آر کے کام کے تحت جو طریقہ کاریا لائحہ عمل پہلے مرتب کیا گیا تھا۔ اس میں اب کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سب سے اہم تبدیلی یہ ہے کہ جن ووٹرس کو نوٹسیں جاری کی جا رہی تھیں۔

انہیں ہیئرنگ یا سماعت کے لئے طلب کیا جا رہا تھا تاہم اب سماعت کے لئے نوٹسیں جاری نہیں کی جائیں گی بلکہ جس کسی کو بھی نوٹس جنریٹ ہوئی ہے وہ نوٹس خود بی ایل اوز لے کر ووٹر کے گھر پہنچیں گے۔ ریاست تلنگانہ میں 92 لاکھ ووٹرس کو نوٹسیں جنریٹ ہوئی ہیں۔ جن میں تقریباً ووٹرس کو نوٹسیں دے دی گئی ہیں۔ ابھی تک سماعت کا جو مرحلہ جاری تھا۔ سماعت کے مرحلہ کے تحت 54 لاکھ ووٹرس کے نام قطعی فہرست رائے دہندگان میں اندراج کے لئے اہل قرار دے دیئے گئے ہیں۔

ابھی بھی 92 لاکھ کے منجملہ تقریباً 38 لاکھ ووٹرس کی نوٹسوں پر کارروائی باقی ہے۔واضح رہے کہ 32 لاکھ ووٹرس کو ان میاپڈکیٹگری یا زمرہ میں نوٹسیں جاری کی گئی ہیں ۔جن کی 2002 کی فہرست رائے دہندگان سے کسی بھی قسم کی میاپنگ نہیں ہوئی ہے اور 60 لاکھ ووٹرس کو لاجیکل تضاد کے زمرے میں نوٹسیں جاری کی گئی ہیں۔

92 لاکھ کے منجملہ تقریباً 54 لاکھ نوٹسوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ پہلے نوٹس کی اجرائی کا طریقہ کار یہ تھا کہ ایک تاریخ، وقت اور مقام طئے کرتے ہوئے ووٹر کو سماعت کے لئے طلب کیا جا رہا تھا تاہم اب یہ طریقہ کار نہیں رہے گا۔ اب نوٹس لے کر خود بی ایل او ووٹر کے گھر پر آئیں گے۔ دستاویزات کی جانچ کریں گے اور ووٹر کے گھر سے ہی دستاویزات کو آن لائن اپ لوڈ کریں گے۔

اسی طرح ایس آئی آر کے عمل میں ایک اور اہم تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ فیملی ممبرس کی طرف سے کوئی ایک رکن بھی تمام لوگوں کی طرف سے نمائندگی کر سکتا ہے اور دستاویزات پیش کر سکتا ہے۔ ایس آئی آر کے کام کو آسان اور سہل بنانے کے ساتھ ساتھ جلد از جلد کام کی انجام دہی کے لئے اس طریقہ کار کو اپنایا جا رہا ہے۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ جیسا کہ الزامات عائد کئے جا رہے ہیں کہ اہل اور مستحق ووٹرس کے ناموں کے اخراج کے لئے کچھ افراد جان بوجھ کر فارم نمبر 7 داخل کر رہے ہیں۔

سارے تلنگانہ میں 29 ہزار فارم 7 موصول ہوئے ہیں اور اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تحقیقات جاری ہے۔ جب کبھی بھی کسی بھی ووٹر کے نام کے اخراج کے لئے فارم 7 کے تحت درخواست موصول ہوتی ہے تو طریقہ کار یہ ہوتا ہے کہ اس کی جامع جانچ ہوتی ہے اور جو شخص بھی کسی بھی ووٹر کے نام کے اخراج کا تقاضا کر رہا ہے، اس پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ واضح کرے کہ کس بنیاد پر وہ ووٹر کے نام کے اخراج کا تقاضا کر رہا ہے۔

اس معاملہ میں بغیر تحقیقات اور بغیر اسپیکنگ آرڈر کسی بھی ووٹر کا نام خارج نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ریاست تلنگانہ میں ووٹرلسٹ میں ناموں کے اندراج کے لئے چار لاکھ فارم 6 داخل کئے گئے ہیں۔ اسی طرح تین لاکھ فارم 8جمع کروائے گئے ہیں۔ تلنگانہ ریاست میں ایس آئی آر کا کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اب ایس آئی آر کی تاریخ میں مزید کوئی توسیع کے امکانات نہیں ہیں۔ ایس آئی آر کے عمل میں اعتراضات اور ادعاجات کا مرحلہ 7 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ 5نومبر تک ڈسپوزل آف نوٹسس کا کام انجام دیا جائے گا اور 9نومبر کو قطعی یا فائنل فہرست رائے دہندگان کی اجرائی عمل میں آئے گی۔

جن ووٹرس کو ابھی نوٹسس موصول نہیں ہوئی ہیں اور ایسے ووٹرس جو ابھی نوٹسس کے مسئلہ سے باہر نہیں آئے ہیں۔ وہ ووٹرس فی الفور اپنے اپنے متعلقہ بی ایل اوز سے ربط قائم کریں اور نوٹسوں سے نمٹنے کے کام میں عجلت کریں تاکہ قطعی فہرست رائے دہندگان میں ان کا نام شامل ہوسکے۔