قانونی مشاورتی کالمقومی

کیا کسی کی شکایت پر آپ کا نام ووٹر لسٹ سے حذف ہوسکتا ہے؟

جی ہاں ایسا ممکن ہے کہ کوئی بھی تھرڈ پارٹی یا غیر متعلقہ فرد کسی بھی ووٹر کے نام کے اخراج کے لئے فارم 7 داخل کر سکتا ہے۔ یہ معاملہ اعتراضات اور ادعاجات کے زمرے میں آتا ہے۔

سوال: میرا نام ایاز محمد خان ہے اور میں پنشن پورہ لنگرحوض حیدرآباد کا ساکن ہوں۔آپ سے گزارش ہے کہ SIR کا عمل جاری ہے۔ یہ ممکن ہے کہ کوئی بھی غیر متعلقہ فرد Form-7 داخل کر تے ہوئے کسی بھی ووٹر کے نام کو خارج کروانے کی کوشش کرےاور اس کی خبر اس ووٹر کو نہ ہو۔ کیایہ کام عملی طورپر انجام دیا جاسکتا ہے۔

کیاایسی کسی سازش کے امکانات ہیں کیونکہ افواہیں گردش میں ہیں اور لوگ خوفزدہ ہیں ۔ آپ کی وسعت بینی سے لوگوں کی بے چینی دور فرمائیں تو عین نوازش ہوگی۔

جواب: جی ہاں ایسا ممکن ہے کہ کوئی بھی تھرڈ پارٹی یا غیر متعلقہ فرد کسی بھی ووٹر کے نام کے اخراج کے لئے فارم 7 داخل کر سکتا ہے۔ یہ معاملہ اعتراضات اور ادعاجات کے زمرے میں آتا ہے۔

کوئی بھی فرد یہ کہتے ہوئے کہ فلاں شخص کا نام ووٹر کے طورپر ڈرافٹ رول میں شامل کیا گیا ہے۔ اس پر اعتراض کرتے ہوئے فارم 7داخل کر سکتا ہے تاہم یہاں اہمیت کی حامل بات یہ ہے کہ فارم 7داخل تو کیا جا سکتا ہے تاہم الیکشن کمیشن کے رہنمایانہ خطوط یا گائیڈ لائنس کے مطابق درخواست گزار کو یہ وجہ بتانی پڑے گی کہ کس وجہ سے ووٹر کا نام فہرست رائے دہندگان سے خارج کرنے کا تقاضا کیا جا رہا ہے۔

نام کے اخراج کے لئے وجہ بتانے کی ذمہ داری بھی فارم نمبر 7داخل کرنے والے فرد پر عائد ہوتی ہے۔ اس طرح سے فارم نمبر 7داخل تو کیا جا سکتا ہے تاہم اس معاملہ میں کامیابی حاصل کرنا بہت مشکل ہے۔

اسی طرح ریپریزنٹیشن آف دی پیپل ایکٹ 1950 کی سیکشن 31 کے تحت اگر کوئی فرد غلط طریقہ سے فارم 7 کا ڈیکلیریشن داخل کرتا ہے تو اس کے خلاف میں ایف آئی آر بھی درج کی جا سکتی ہے لہذا فارم 7داخل کرنا تو ممکن ہے لیکن الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنس کی وجہ سےفارم 7 کے پراسیس کو کامیاب بنانا ایک مشکل ترین امر ہے۔