مشرق وسطیٰ

 اصفہان میں نیوکلیر سائٹ پر اسرائیل کی بمباری (ویڈیو)

اسرائیل نے ایران پر تازہ حملوں میں میزائلوں کے ذخیرہ کیے گئے مقامات اور انفرااسٹرکچر کی تنصیبات کو نشانہ بنانے اور پاسداران انقلاب کے ایک اور سینئر کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تل ابیب: اسرائیل نے ایران پر تازہ حملوں میں میزائلوں کے ذخیرہ کیے گئے مقامات اور انفرااسٹرکچر کی تنصیبات کو نشانہ بنانے اور پاسداران انقلاب کے ایک اور سینئر کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے‘الجزیرہ’نے ایرانی پاسداران انقلاب کے زیرانتظام کام کرنے والی خبر رساں ایجنسی‘فارس نیوز’کے حوالے سے بتایا کہ ایران کے وسطی شہر اصفہان میں ایک دھماکے کی اطلاعات ملی ہیں۔دھماکے کے بعد شہر میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔

یہ شہر اصفہان نیوکلیئر ٹکنالوجی سینٹر کا گھر ہے، جو ایران کا سب سے بڑا جوہری تحقیقی کمپلیکس ہے۔اصفہان کے نائب گورنر نے صوبے پر اسرائیلی حملوں کی مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ لنجان، مبارکہ، شہریزہ اور اصفہان کے شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اصفہان میں جوہری مقام کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم‘خطرناک مواد کا کوئی اخراج نہیں ہوا’۔

ایران کے سرکاری‘پریس ٹی وی’کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون کو وسطی ایران کے شہر کاشان پر مار گرایا گیا۔ایرانی میڈیا نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے قُم شہر میں ایک عمارت پر حملہ کیا جس میں ایک 16 سالہ نوجوان جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ صہیونی فورسز کے حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے مبینہ بیرونی بازو کے سربراہ شہید ہوگئے۔خبر رساں ادارے‘رائٹرز’کے مطابق اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے ایرانی پاسداران انقلاب کے مبینہ بیرون ملک بازو کے تجربہ کار کمانڈر سعید ایزادی کو ایران کے شہر قُم میں ایک اپارٹمنٹ میں حملے میں شہید کیا۔

اسرائیل کاٹز کے مطابق سعید ایزادی القدس فورس کی فلسطین کور کے کمانڈر تھے۔پاسداران انقلاب کی جانب سے سعید ایزادی کی شہادت کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے کمانڈر کی ہلاکت کو‘اسرائیلی انٹیلی جنس اور فضائیہ کے لیے ایک بڑی کامیابی’قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ سعید ایزادی نے ابتدائی حملوں کے دوران حماس کی مالی معاونت کی اور اسے مسلح کیا۔دوسری جانب‘الجزیرہ’نے اسرائیلی فوج کے حوالے سے کہا کہ اس نے ایران کے پاسداران انقلاب اسلامی کے ایک سینئر کمانڈر کو شہید کر دیا ہے۔اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ امین پور جودخی پاسداران انقلاب میں دوسری‘وی اے وی’بریگیڈ کے ذمہ دار تھے یا اس کی کمانڈ کرتے تھے۔