مشرق وسطیٰ

ایران میں اسرائیلی مشن ابھی مکمل نہیں ہوا: وزیر دفاع کاٹز

ایک سرکاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاٹز نے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوششیں دوبارہ شروع کرنے کے ساتھ دیگر خطرناک سرگرمیوں میں بھی مصروف ہے، جو اسرائیل کے لیے حقیقی خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ان دھمکیوں کو برداشت نہیں کرسکتا۔

تل ابیب: اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ ایران میں ان کے ملک کا مشن ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے تہران پر ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوششیں دوبارہ شروع کرنے کا الزام عائد کیا، جس کی ایران مسلسل تردید کرتا رہا ہے۔


ایک سرکاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاٹز نے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوششیں دوبارہ شروع کرنے کے ساتھ دیگر خطرناک سرگرمیوں میں بھی مصروف ہے، جو اسرائیل کے لیے حقیقی خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ان دھمکیوں کو برداشت نہیں کرسکتا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ان کا ملک اپنی سلامتی اور مستقبل کے تحفظ کے لیے پیشگی کارروائی کرنے اور دشمنوں کے خلاف جارحانہ و دفاعی پالیسی جاری رکھنے کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم ہے۔ انہوں نے ملک کو درپیش بڑے چیلنجوں کے پیش نظر قومی یکجہتی کی اپیل بھی کی۔

اسرائیل نے جون 2025 میں ایران کے خلاف 12 روزہ جنگ شروع کی تھی، جبکہ فروری 2026 میں امریکہ کے ساتھ مل کر دوسری جنگ چھیڑی، جس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں وسیع پیمانے پر تنازعہ پھیل گیا۔

دریں اثنا، امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں اور بین الاقوامی اتحادیوں کے درمیان ایران جنگ کے مستقبل سے متعلق امریکی صدر کے فیصلے پر اثرانداز ہونے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ امریکی انتظامیہ میں ایک دھڑا جنگ ختم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے کا حامی ہے، جبکہ دوسرا ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کی بحالی چاہتا ہے۔

یہ اختلافات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ووٹروں نے انتخابات میں جنگ کے خلاف واضح ردعمل ظاہر کیا ہے۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی سوشل میڈیا پر جنگ کی افادیت اور اس پر آنے والے بھاری اخراجات پر سوالات اٹھائے ہیں۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق حکام نے بتایا کہ وینس نے یہ تبصرہ شائع کرنے سے پہلے ٹرمپ کو آگاہ کردیا تھا کہ وہ انتخابی شکست کی ذمہ داری جنگ پر عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس کے برعکس وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کی دوبارہ بحالی کے حامی ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق صدر کو دی گئی حالیہ بریفنگز میں بھی فوجی کارروائیوں کے مختلف متبادل پیش کیے گئے۔

دوسری جانب امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف، نائب صدر وینس کے ساتھ مل کر ٹرمپ پر سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے لیے زور دے رہے ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد ایسا معاہدہ طے کرنا ہے جو جنگ ختم کرنے کے ساتھ آبنائے ہرمز کو بحری جہاز رانی کے لیے دوبارہ کھول سکے۔

انتظامیہ سے باہر کے بعض مشیروں نے بھی صدر سے رابطہ کرکے جنگ ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس طرح ٹرمپ کے قریبی حلقوں میں آئندہ حکمت عملی پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ ایک جانب ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق تزویراتی مقاصد کے حصول کے لیے فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ ہے، جبکہ دوسری جانب اقتصادی اور سفارتی دباؤ کے ذریعے جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنے کی حمایت کی جارہی ہے۔