مشرق وسطیٰ

سمندرِ عمان میں کارگو جہاز میں آگ، عملے کے 22 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا

متحدہ عرب امارات کے نیشنل گارڈ نے سمندرِ عمان میں ایک کارگو جہاز میں آگ لگنے کے بعد عملے کے 22 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ اماراتی حکام کے مطابق جہاز میں سوار تمام افراد عرب ممالک سے تعلق رکھتے تھے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے نیشنل گارڈ نے سمندرِ عمان میں ایک کارگو جہاز میں آگ لگنے کے بعد عملے کے 22 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ اماراتی حکام کے مطابق جہاز میں سوار تمام افراد عرب ممالک سے تعلق رکھتے تھے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔

نیشنل گارڈ کے بیان کے مطابق جہاز کے عملے نے واقعے کی اطلاع کوسٹ گارڈ کو دی، جس کے بعد امدادی کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے متاثرہ جہاز کا سراغ لگانے کے بعد وہاں پہنچ کر عملے کے تمام 22 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

ریسکیو کیے گئے افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا۔ نیشنل گارڈ نے کہا کہ یہ کارروائی سمندری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اس کے اہلکاروں کی تیاری اور صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

حکام نے تاہم جہاز کا نام، آگ لگنے کی وجہ اور ممکنہ جانی یا مالی نقصان کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ اتوار کے روز تین آئل ٹینکروں میں دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی۔ اس کے مطابق یہ جہاز غیر قانونی راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم اماراتی کارگو جہاز کے واقعے اور ایرانی دعوے کے درمیان کسی تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔