جنوبی لبنان کے 10دیہات خالی کرنے اسرائیل کی وارننگ
اسرائیلی فوج نے آج جنوبی لبنان کے 10 دیہات کے مکینوں سے علاقہ فوری طور پر خالی کرنے کو کہا ہے۔ ان مقامات میں صورکے علاقہ میں واقع رشیدیہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ بھی شامل ہے۔
بیروت (یو این آئی) اسرائیلی فوج نے آج جنوبی لبنان کے 10 دیہات کے مکینوں سے علاقہ فوری طور پر خالی کرنے کو کہا ہے۔ ان مقامات میں صورکے علاقہ میں واقع رشیدیہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ بھی شامل ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کیمپ کو حزب اللہ کی سرگرمیوں کی وجہ سے نشانہ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ایکس پلیٹ فارم پر اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی کی طرف سے شائع کردہ انخلاء کی وارننگ میں الحوش‘ البازوریہ‘ الرشیدیہ کیمپ‘ البرغلیہ‘ بستیات‘الحمیری‘ ارزی‘ مطریہ الشومر‘ الخرائب اور الانصار کے علاقے شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ان مقامات کے شہریوں کو دریائے الاولی کی طرف جانے کو کہا ہے۔
ایک متعلقہ تناظر میں اسرائیلی فوج نے جمعرات کی صبح بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے اس ہفتہ حزب اللہ گروپ کے حجر سیکٹر میں ٹینک شکن فارمیشن کے کمانڈر محمد خلیل علیان کو ہلاک کر دیا۔یدیعوت احرونوت اخبار نے اسرائیلی فوج کے حوالہ سے کہا ہے کہ فضائیہ نے چہارشنبہ کے دن حزب اللہ کے ایک فضائی یونٹ کے خلاف فوری حملہ کیا جس میں صور شہر کے شمال میں ایک ڈرون طیارہ سے مزائل فائر کیا گیا۔
جمعرات کے دن لبنان کے قصبہ خیام میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے ارکان کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں جب کہ اسرائیلی افواج نے ہر قسم کے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پیش قدمی کی کوشش کی ہے۔قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ کے ارکان اور اسرائیلی فوج کے درمیان خیام قصبہ میں جمعرات کی صبح تک جھڑپیں جاری تھیں۔
ایجنسی کے مطابق نصف شب کے بعد اسرائیلی توپخانہ نے خیام قصبہ کے مخالف سمت میں واقع القلیہ اور برج الملوک قصبوں کے مضافات کو نشانہ بنایا۔فوجی اور ڈرون طیاروں نے مرجعیون کے علاقہ کی فضائی حدود میں پروازیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔اسرائیلی توپخانہ نے خیام قصبہ پر شدید گولہ باری کی۔
اسرائیلی فوج نے کفر کلیہ قصبہ میں یکے بعد دیگرے زور دار دھماکے کیے جس کی گونج پورے علاقہ میں سنی گئی اور کافی دیر تک دھویں کے بادل بلند ہوتے رہے۔ایک اور محاذ پر لبنانی وزارت صحت نے کہا کہ چہارشنبہ کے دن مشرقی لبنان کے قدیم شہر بعلبک کے علاقہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 19 افراد ہلاک ہوئے۔وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ایک فضائی حملہ کے نتیجہ میں مزرعہ بیت صلیبی گاؤں میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔